مینگَلورو، 26 ستمبر(ایس او نیوز): مینگَلورو میں ہفتہ کو طلبہ کے ایک پروگرام کے دوران سپورٹنگ کوریڈور کی دیوار اچانک منہدم ہونے سے پانچ نوجوان زخمی ہوگئے، جن میں 16 سالہ طالب علم کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔
حادثہ یمّیکیرے کراس کے رام لکشمی سبھا بھون میں اس وقت پیش آیا جب طلبہ کی بڑی تعداد نو منتخب عہدیداران کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے جمع ہوئی تھی۔ ہال میں بھیڑ بڑھ جانے کے باعث متعدد طلبہ باہر موجود کوریڈور میں کھڑے تھے۔
پولیس کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والوں کی شناخت محمد شماج (16)، محمد شنان احمد (18)، حنیف (23)، داؤد فارسین احمد (18) اور محمد شکیل حسین (18) کے طور پر ہوئی ہے۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر مینگَلورو کے ہائی لینڈ اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق 16 سالہ محمد شماج کو حادثے میں شدید چوٹیں آئی ہیں اور اسے مزید علاج کے لیے انتہائی نگہداشت یونٹ (ICU) میں منتقل کیا گیا ہے۔ اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق کوریڈور میں موجود طلبہ ایک کمزور دیوار کا سہارا لے کر کھڑے تھے۔ اسی دوران دیوار کا سپورٹنگ حصہ اچانک منہدم ہوگیا، جس کے نتیجے میں اس کے ساتھ کھڑے طلبہ نیچے جاگرے اور زخمی ہوگئے۔
پولیس کمشنر انوپم اگروال کے مطابق تمام زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ دیوار ساختی طور پر کمزور تھی اور بھیڑ کے دباؤ کو برداشت نہیں کرسکی۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے حادثے کی اصل وجہ اور عمارت میں حفاظتی انتظامات سے متعلق پہلوؤں کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ یہ بھی جانچ کی جا رہی ہے کہ دیوار کی حالت کے بارے میں منتظمین کو پہلے سے کوئی علم تھا یا نہیں اور پروگرام کے دوران حفاظتی ضوابط پر عمل کیا گیا تھا یا نہیں۔ حکام کی جانب سے حادثے کے سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔