ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں 23 مراکز پر SIR کی سماعتیں شروع؛ میپنگ نہ ہونے والے 13,681 ووٹروں کے دستاویزات کی ہوگی جانچ

بھٹکل میں 23 مراکز پر SIR کی سماعتیں شروع؛ میپنگ نہ ہونے والے 13,681 ووٹروں کے دستاویزات کی ہوگی جانچ

Tue, 08 Sep 2026 18:54:22    S O News
بھٹکل میں 23 مراکز پر SIR کی سماعتیں شروع؛ میپنگ نہ ہونے والے 13,681 ووٹروں کے دستاویزات کی ہوگی جانچ

بھٹکل 8/ستمبر (ایس او نیوز) : کرناٹک میں جاری ووٹر لسٹوں کی خصوصی جامع نظرثانی (SIR) کے تحت بھٹکل میں 23 مراکز پر انتخابی ریکارڈ کی سماعت اور تصدیق کا عمل شروع ہوگیا ہے۔

ان مراکز میں اسسٹنٹ کمشنر کا دفتر، سٹی میونسپل کونسل، جالی پنچایت اور ہیبلے پنچایت کے دفاتر سمیت دیگر مقامات شامل ہیں۔ اس کارروائی کا مقصد ان ووٹروں کے دستاویزات اور ریکارڈ کی تصدیق کرنا ہے جن کی تفصیلات سابقہ ووٹر لسٹوں سے میپ نہیں ہوسکی ہیں، نیز ان ووٹروں کے ریکارڈ کی جانچ کرنا ہے جن کے اندراجات میں منطقی تضادات یا دیگر بے ضابطگیاں پائی گئی ہیں۔

بھٹکل اسمبلی حلقے میں مجموعی طورپر13,681 ووٹروں کو ’’No Mapping‘‘ اور ’’Anomaly/Logical Discrepancy‘‘ زمروں کے تحت جانچ کے لیے نشان زد کیا گیا ہے۔ تصدیقی عمل کے تحت ان ووٹروں کو نوٹس جاری کیے جارہے ہیں۔

الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر (ERO)، اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرز (AEROs) اور بوتھ لیول آفیسرز (BLOs) کو ہدایت دی گئی ہے کہ ان زمروں میں شامل ووٹروں کی جانب سے پیش کیے جانے والے ریکارڈ اور دستاویزات کی مکمل جانچ کریں۔ فی الحال ایک ای آر اوERO اور 23 اے ای آراو  (AEROs) اور اضافی سپروائزرز نوٹس جاری کرنے، تصدیق اور سماعت کے عمل میں مصروف ہیں۔

بنگلورو کے چیف الیکٹورل آفیسر(CEO) نے ان ووٹروں کو مشورہ دیا ہے جو سابقہ ووٹر لسٹ کے حصوں میں اپنا نام تلاش نہیں کرپارہے ہیں کہ وہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کے سرکاری ووٹر پورٹل یا ECINET موبائل ایپ کے ذریعے اپنے EPIC (Voter ID) نمبر کی مدد سے اپنا ریکارڈ تلاش کریں۔

حکام نے ووٹروں سے اپیل کی ہے کہ اگر انہیں فوری طور پر اپنا نام تلاش کرنے میں دشواری پیش آئے تو انہیں  گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مقررہ سرکاری ذرائع سے اپنی تفصیلات کی تصدیق کریں اور جاری کیے گئے کسی بھی نوٹس کا مقررہ مدت کے اندر جواب دیں۔

الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ہدایات کے مطابق ووٹر رجسٹریشن اورانتخابی فہرست سے متعلق سرگرمیوں کے لیے دوسری خصوصی مہم 19 اور 20 ستمبر کو منعقد کی جائے گی۔ حکام نے تمام اہل شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ووٹر لسٹ میں اپنے نام اور دیگر تفصیلات کو احتیاط سے چیک کریں اور جاری کیے گئے نوٹس کا بروقت جواب دیں، تاکہ کوئی بھی حقیقی اور اہل ووٹر حتمی ووٹر لسٹ سے محروم نہ رہ جائے۔

حکام نے یہ بھی بتایا ہے کہ ’’No Mapping‘‘ اور دیگر بے ضابطگیوں کے زمروں کے تحت جاری کیے گئے نوٹس کی فہرستیں ہفتہ سے سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب کردی گئی ہیں۔ ووٹروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سرکاری انتخابی ذرائع کو باقاعدگی سے چیک کریں اور سماعت و تصدیق کے پورے عمل کے دوران محتاط رہیں۔

بھٹکل میں قومی سماجی ادارہ مجلسِ اصلاح و تنظیم نے بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن (BMYF) کے اشتراک سے گزشتہ دو ماہ سے بندر روڈ پر قائم تنظیم SIR ہیلپ لائن سینٹر کے ذریعے ووٹروں کی رہنمائی کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔

ہیلپ لائن سینٹر پر ووٹروں کو SIR کے عمل، ووٹر لسٹ کی تصدیق، میپنگ سے متعلق مسائل، جاری کیے گئے نوٹس اور ووٹنگ سے متعلق دیگر امور میں رہنمائی فراہم کی جارہی ہے۔ جن ووٹروں کو SIR کا نوٹس موصول ہوا ہے یا انہیں تصدیق اور سماعت کے عمل کو سمجھنے میں دشواری پیش آرہی ہے، وہ اس ہیلپ لائن سینٹر سے رجوع کرکے رہنمائی حاصل کرسکتے ہیں۔


Share: