ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / پہلگام دہشت گرد حملے پر سدارامیا کا سخت ردعمل؛ کہا؛ وزیر اعظم مودی عوام کو گمراہ کر رہے ہیں

پہلگام دہشت گرد حملے پر سدارامیا کا سخت ردعمل؛ کہا؛ وزیر اعظم مودی عوام کو گمراہ کر رہے ہیں

Tue, 29 Apr 2025 19:42:44    S O News
پہلگام دہشت گرد حملے پر سدارامیا کا سخت ردعمل؛ کہا؛ وزیر اعظم مودی عوام کو گمراہ کر رہے ہیں

بیلگاوی، 29 اپریل (ایس او نیوز): کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے جموں و کشمیر کے پہلگام میں حالیہ دہشت گرد حملے پر مرکزی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اس افسوسناک واقعے کی براہ راست ذمہ داری وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ پر عائد ہوتی ہے۔ بیلگاوی میں کانگریس کی ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سوال کیا کہ حملے کے وقت جائے وقوعہ پر نہ تو کوئی پولیس اہلکار موجود تھا اور نہ ہی کوئی فوجی تعینات تھا۔ کیا یہ کھلی سیکورٹی ناکامی نہیں ہے؟ انہوں نے بتایا کہ ہلاک شدگان میں تین افراد کرناٹک سے تعلق رکھتے تھے، جو ریاست کے لیے ایک ذاتی سانحہ ہے۔

سدارامیا نے واضح کیا کہ انہوں نے صرف اس بات پر زور دیا تھا کہ جنگ کوئی فوری حل نہیں، بلکہ صرف آخری قدم ہونا چاہیے، مگر بی جے پی نے ان کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا اور انہیں بلاوجہ نشانہ بنایا۔ انہوں نے کچھ میڈیا چینلز پر بھی جانبداری کا الزام عائد کیا۔

قبل ازیں میسور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سدرامیا نے وزیراعظم مودی پر نشانہ سادھتے ہوئے کہا تھا کہ   وزیر اعظم  مودی جموں و کشمیر کے پہلگام دہشت گرد حملے کے معاملے میں "عوام کو  گمراہ کررہے ہیں۔"  ان کا کہنا تھا کہ حملے کے بعد مرکز کی جانب سے بلائی گئی کل جماعتی میٹنگ میں وزیر اعظم نے شرکت نہیں کی، بلکہ بہار میں انتخابی ریلی میں مصروف رہے۔ انہوں نے سوال کیا: "کیا انتخابی مہم، قومی سلامتی سے زیادہ اہم ہے سدرامیا نے مودی کے تعلق سے کہا کہ وہ  عوام کو ٹوپی پہنا رہے ہیں ۔"

دوسری جانب، سدارامیا کے معاشی مشیر اور یلبورگہ کے رکن اسمبلی بسوراج رائے ریڈی نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان کے خلاف فیصلہ کن جنگ کا اعلان کریں۔ انہوں نے تجویز دی کہ دفاعی بجٹ کو 6.81 لاکھ کروڑ سے بڑھا کر 12 لاکھ کروڑ روپے کیا جائے اور اس سلسلے میں پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے زیرقبضہ کشمیر میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری ہونی چاہیے اور پاکستان کو عالمی عدالت میں گھسیٹا جانا چاہیے۔

بیلگاوی کی ریلی میں خطاب کرتے ہوئے سدارامیا نے بی جے پی اور آر ایس ایس کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ یہ تنظیمیں ملک کو ترقی کے بجائے تقسیم کی طرف لے جا رہی ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ جب ملک آزادی کی جدوجہد میں مصروف تھا، تو سنگھ پریوار کہاں تھا؟ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس نے آزادی کے بعد 52 سال تک اپنے دفاتر پر ترنگا نہیں لہرایا۔

وزیراعلیٰ نے مہنگائی، غریب مخالف پالیسیوں اور اشرافیہ نوازی کے الزامات بھی مرکز پر عائد کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی نے امیروں کے ٹیکس کم کیے، جبکہ عام آدمی پر مالی بوجھ بڑھا دیا۔ "آج کون سی چیز سستی ہے؟ چاول، تیل، پیٹرول، ایل پی جی، سب مہنگے ہو چکے ہیں،" انہوں نے کہا۔

آخر میں، سدارامیا نے پرعزم انداز میں کہا کہ کانگریس حکومت پوری طاقت کے ساتھ کھڑی ہے اور بی جے پی کی دھمکیوں یا پروپیگنڈے سے مرعوب نہیں ہوگی۔


Share: