ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / مہاراشٹر: شرد پوار پونے کے اسپتال سے ڈسچارج، ڈاکٹروں کی چند روز مکمل آرام کی ہدایت

مہاراشٹر: شرد پوار پونے کے اسپتال سے ڈسچارج، ڈاکٹروں کی چند روز مکمل آرام کی ہدایت

Sun, 15 Feb 2026 10:40:45    S O News

ممبئی، 15/ فروری (ایس او نیوز /ایجنسی) این سی پی (ایس پی) کے صدر اور راجیہ سبھا کے رکن شرد پوار کو ہفتے کی دوپہر پونے کے ایک نجی اسپتال سے چھٹی دے دی گئی۔ 85 سالہ سینئر رہنما کو اس ہفتے کے آغاز میں سانس لینے میں دشواری اور مسلسل کھانسی کی شکایت کے بعد ضلع پونے کے بارامتی میں واقع ان کی رہائش گاہ سے روبی ہال کلینک منتقل کیا گیا تھا، جہاں ان کا علاج جاری تھا۔

اسپتال میں سینے کے انفیکشن کے سبب انہیں داخل کیا گیا تھا۔ معالجین کی نگرانی میں علاج کے بعد ان کی طبیعت میں نمایاں بہتری آئی جس کے بعد ہفتے کو تقریباً ایک بجے انہیں گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔

ان کی صاحبزادی اور پارٹی کی کارگزار صدر سپریا سلے نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ شرد پوار کو ڈاکٹروں نے تین سے چار دن مکمل آرام کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ گھر پر قیام کے دوران آرام کریں گے اور اس کے بعد مرحلہ وار اپنے روزمرہ کے کام کاج کا آغاز کریں گے۔

سپریا سلے نے ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی صحت سے متعلق دریافت کیا، ساتھ ہی روبی ہال کلینک کے ڈاکٹروں، نرسوں اور معاون عملے کی خدمات کو سراہا۔

اسپتال کے ماہر امراض قلب، صدر اور منیجنگ ٹرسٹی ڈاکٹر پرویز گرانٹ کے مطابق شرد پوار کی صحت پہلے سے بہتر ہے اور ان کی حالت میں مسلسل بہتری آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طبی ٹیم نے انہیں چند روز تک مکمل آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے، جس کے بعد وہ آہستہ آہستہ معمول کی سرگرمیوں اور عوامی پروگراموں میں شرکت کر سکیں گے۔

شرد پوار کے قریبی ساتھی وٹھل مانیار نے بتایا کہ وہ آئندہ چند دن پونے میں واقع اپنی رہائش گاہ پر قیام کریں گے اور علاج مکمل ہونے کے بعد ممکنہ طور پر ممبئی جائیں گے۔ واضح رہے کہ شرد پوار کو ماضی میں منہ کے کینسر کا سامنا بھی رہا ہے، تاہم موجودہ طبیعت میں بہتری کے بعد ان کے حامیوں اور کارکنان میں اطمینان کی لہر پائی جا رہی ہے۔


Share: