ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / الیکشن کمیشن اور ایس آئی آر کے خلاف اپوزیشن کی عرضیوں پر سماعت 9 دسمبر تک ملتوی

الیکشن کمیشن اور ایس آئی آر کے خلاف اپوزیشن کی عرضیوں پر سماعت 9 دسمبر تک ملتوی

Tue, 17 Nov 2026 16:48:31    S O News

نئی دہلی ، 17/ نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)الیکشن کمیشن کے کام کاج اور مختلف ریاستوں میں ووٹر لسٹوں کی خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) کے عمل سے متعلق راہل گاندھی سمیت 13 اپوزیشن رہنماؤں کی جانب سے دائر عرضیوں پر سپریم کورٹ میں سماعت ملتوی ہو گئی ہے۔ عدالت عظمیٰ نے معاملے کی اگلی سماعت کے لیے 9 دسمبر کی تاریخ مقرر کی ہے۔

سماعت کے دوران اپوزیشن کی جانب سے دائر نئی درخواست پر عرضی گزاروں کے وکیل کپل سبل نے نوٹس جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس پر عدالت نے کہا کہ نئی درخواست پر اگلی سماعت کے دوران فیصلہ کیا جائے گا۔ اس درخواست کے ذریعے اپوزیشن رہنماؤں نے چیف الیکشن کمشنر اور دونوں الیکشن کمشنروں سے 48 سوالات پوچھنے کی اجازت طلب کی ہے۔

واضح رہے کہ 16 نومبر کو اپوزیشن رہنماؤں نے الیکشن کمیشن کے خلاف سپریم کورٹ میں ایک حلف نامہ داخل کیا تھا۔ اس میں عدالت سے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار، دونوں الیکشن کمشنروں اور کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل (آئی ٹی) سے انفرادی طور پر پوچھ گچھ کی اجازت دینے کی درخواست کی گئی تھی۔

اپوزیشن اتحاد نے اپنے حلف نامے میں ووٹ چوری اور ووٹر لسٹوں کی خصوصی گہری نظرثانی سے متعلق 48 بنیادی سوالات کی فہرست بھی پیش کی تھی۔ اپوزیشن کا الزام ہے کہ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں داخل اپنے جوابی حلف نامے میں ووٹ چوری اور ووٹر لسٹوں کی نظرثانی سے متعلق کسی بھی اہم سوال کا واضح جواب نہیں دیا ہے۔

اپوزیشن رہنماؤں کا دعویٰ ہے کہ ایس آئی آر کے عمل میں بڑے پیمانے پر خامیاں پائی گئی ہیں، جن کے نتیجے میں ووٹر لسٹوں سے بڑی تعداد میں ووٹروں کے نام حذف کیے گئے۔ ان کے مطابق، اس عمل نے ووٹ چوری کے امکانات پیدا کیے ہیں۔

اپوزیشن کی جانب سے پیش کردہ 48 سوالات میں یہ بھی پوچھا گیا ہے کہ ملک گیر سطح پر ایس آئی آر کرانے، فارم 6 میں تبدیلی کرنے اور ایرو نیٹ اور ای سی آئی نیٹ کو مرکزی سطح پر مربوط کرنے کا فیصلہ کس نے کیا تھا؟ اس کے علاوہ یہ سوال بھی اٹھایا گیا ہے کہ مختلف فیصلوں پر دونوں دیگر الیکشن کمشنر کتنی مرتبہ چیف الیکشن کمشنر سے اختلاف کر چکے ہیں۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے اپنے جوابی حلف نامے میں کہا تھا کہ فارم 6 میں تبدیلی کرنے کا اختیار کمیشن کے پاس نہیں بلکہ مرکزی حکومت کے پاس ہے۔

یہ تنازعہ اس وقت شروع ہوا تھا جب اپوزیشن رہنماؤں نے ایس آئی آر کے دوران ووٹر لسٹوں سے نام حذف کیے جانے اور مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف احتجاج کیا تھا اور سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ اکتوبر 2026 میں اس معاملے کی سماعت کے دوران عدالت عظمیٰ نے الیکشن کمیشن، چیف الیکشن کمشنر اور دونوں الیکشن کمشنروں کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کیا تھا۔


Share: