
دبئی 17 فروری (ایس او نیوز) – دبئی کے قریب شارجہ میدان میں منعقدہ جوکاکو چمپئن ٹرافی سیزن ٹو کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں رویل نے مدینہ کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کر لی، جبکہ مدینہ کو رنر اپ ٹرافی پر اکتفا کرنا پڑا۔
فائنل تقریب کے دوران خواتین کے لیے دو زمروں میں کوکنگ مقابلے کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں خواتین نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ سویٹ ڈِش کیٹیگری میں معروف نوائطی ناشتہ شوپا پانا پُڈنگ کو پہلا انعام دیا گیا، جسے نادیہ شابندری (وائف آف سرفراز جوکاکو نے پیش کیا تھا۔ سویٹ پلیٹر (میٹھی تھالی) اور فالودہ کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا، جو ٹائی ہوگیا۔ میٹھی تھالی کو زاہیہ وسیم گوائی اور فالودہ کو حنا ثمین صدیق رکن الدین نے تیار کیا تھا۔
دوسری جانب، مرچ مسالے والے تیز پکوان کے زمرے میں مشہور نوائطی ڈِش واٹوا نہوری کو پہلا انعام دیا گیا، جو ہالہ قاضیا عثمان غنی جوکاکو نے تیار کیا تھا۔
کرکٹ ٹورنامنٹ میں مدینہ ٹیم کے نعمان طاہرہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 'مین آف دی سیریز' اور 'بیسٹ بیٹسمین' کے اعزازات اپنے نام کیے۔ رویل کے خلیل گولٹے کو بیسٹ باؤلر اور رویل کے ہی فوزان آرمار کو 'مین آف دی میچ' کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
فائنل تقریب میں بھٹکل مسلم جماعت دبئی کے صدر شہریار خطیب، جنرل سکریٹری جیلانی محتشم، سابق صدر عبدالقادر باشہ رکن الدین، سابق جنرل سکریٹری یوسف برماور، جماعت کے سرگرم رکن کوکاری سمیر سمیت ٹورنامنٹ کے آرگنائزر سرفراز جوکاکو اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔