ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بیلگاوی : بی جے پی رکن اسمبلی رمیش جارکی ہولی کا گن مین نکلا ڈکیتی کی سازش کا ماسٹر مائنڈ

بیلگاوی : بی جے پی رکن اسمبلی رمیش جارکی ہولی کا گن مین نکلا ڈکیتی کی سازش کا ماسٹر مائنڈ

Mon, 09 Nov 2026 12:42:55    S O News
بیلگاوی : بی جے پی رکن اسمبلی رمیش جارکی ہولی کا گن مین نکلا ڈکیتی کی سازش کا ماسٹر مائنڈ

بیلگاوی ، 9 /نومبر   (ایس او نیوز)ضلع بیلگاوی میں ڈکیتی کی ایک سنسنی خیز سازش کا انکشاف ہوا ہے، جس کا مبینہ ماسٹر مائنڈ ایک پولیس کانسٹیبل ہے جو سابق وزیر اور بی جے پی کے رکن اسمبلی رمیش جارکی ہولی کے گن مین (محافظ)  کے طور پر تعینات تھا ۔

موصولہ رپورٹ کے مطابق ملزم چدانند سدھارودھ کورابیٹ نے مبینہ طور پر لوگوں کو ان کی رقم کئی گنا بڑھانے کا جھانسہ دے کر 2.68 کروڑ روپے لوٹنے کا منصوبہ بنایا تھا ۔ فلمی انداز کے اس ڈرامائی منصوبے کے تحت  ایک گروہ نے ایک  کھیت کے شیڈ  پر دھاوا بولنے، متاثرین کی آنکھوں میں مرچوں کا پاؤڈر ڈالنے، نقدی چھیننے اور فرار ہو جانے کی منصوبہ بندی کی تھی ۔ لیکن یہ خطرناک منصوبہ اس وقت ناکام ہو گیا جب متاثرین نے حملہ آوروں پر قابو پا لیا اور انہیں پولیس کے حوالے کر دیا ۔

پولیس کی طرف سے گرفتار کیے گئے سات ملزمین کے اس گروہ میں رکن اسمبلی رمیش جارکیہولی کے گن مین کے طور پر تعینات پولیس کانسٹیبل بھی شامل ہے ہے ۔

اس حیران کن انکشاف نے پورے ضلع بیلگاوی میں ہلچل مچا دی ہے ۔ ڈکیتی کی سازش میں گن مین کے ملوث ہونے کی خبر سامنے آنے کے بعد بیلگاوی کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، کے راما راجن نے فوری طور پر چدانند کو ملازمت سے معطل کر دیا ہے ۔

رقم کو کئی گنا بڑھانے کا جھانسہ :مرکزی ملزم چدانند سدھارودھ کورابیٹ نے مبینہ طور پر سادہ لوح لوگوں کو پھنسانے کے لیے رقم کو کئی گنا بڑھانے کی ایک پرکشش اسکیم تیار کی ۔ اس نے مبینہ طور پر وعدہ کیا تھا کہ اگر وہ نقد رقم میں 1 لاکھ روپے دیں گے، تو وہ بدلے میں ان کے بینک کھاتوں میں آن لائن 1.30 لاکھ روپے منتقل کر دے گا ۔ دوسرے لفظوں میں اس نے 1 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کے بدلے 1.30 کروڑ روپے دینے کی پیشکش کی اور بڑی رقوم دینے کے لیے تیار لوگوں کو بھاری منافع کا لالچ دیا۔

اس بھاری منافع کے وعدے سے متاثر ہو کر کلمیش رنگاپور اور ان کے رشتہ داروں نے اپنے جاننے والوں سے رقم ادھار لی اور مجموعی طور پر 2.68 کروڑ روپے کی خطیر رقم اکٹھی کر لی ۔

مرچوں کے پاؤڈر سے حملے کی منصوبہ بندی : یہ سازش مبینہ طور پر 30 اکتوبر کو ایک ڈرامائی موڑ پر پہنچ گئی، جب کلمیش اور ان کے ساتھیوں کو نقدی گننے کے بہانے مُدالگی تعلقہ کے سنگاناکری گاؤں میں واقع ایک فارم شیڈ پر بلایا گیا ۔ پولیس کی تفتیش کے مطابق چدانند نے مبینہ طور پر پہلے سے طے شدہ ایک منصوبہ بنایا تھا جس کا مقصد کلمیش کے گروپ سے 2.68 کروڑ روپے کی پوری رقم لوٹنا تھا ۔ اس منصوبے کے تحت اس نے اپنے ساتھیوں کے ایک گروہ کو بھیجا تا کہ وہ فارم شیڈ پر دھاوا بولیں اور متاثرین کی آنکھوں میں مرچوں کا پاؤڈر ڈال کر رقم چھینیں اور وہاں سے فرار ہو جائیں ۔

لیکن یہ منصوبہ اس وقت ناکام ہو گیا جب حملہ آوروں کو غیر متوقع مزاحمت کا سامنا  کرنا پڑا ۔ بتایا جاتا ہے کہ کلمیش کا گروپ پہلے سے مستعد تھا کیونکہ انہیں مبینہ طور پر حملے کا خدشہ تھا ۔ لہٰذا جب حملہ آوروں نے شیڈ پر دھاوا بولا تو انہوں نے بھرپور مزاحمت کی ۔ حملہ آوروں کو قابو کر لیا گیا، ان کی پٹائی کی گئی اور انہیں پولیس کے حوالے کر دیا گیا ۔

بعد ازاں ہونے والی تفتیش کے دوران پولیس نے اس ڈکیتی کی سازش تیار کرنے میں  چدانند کا مبینہ کردار بے نقاب کیا ۔ چدانند جو رمیش جارکیہولی کے گن مین (سیکیورٹی گارڈ) کے طور پر خدمات انجام دے رہا تھا، اس پوری واردات کا ماسٹر مائنڈ نکلا ۔

2.39 کروڑ روپے برآمد :پولیس نے اس مقدمے کے سلسلے میں جن سات افراد کو گرفتار کیا ہے ان  میں چدانند کورابیٹ، سنجیو اربھاوی اور راجارام ملیگول شامل ہیں ۔ ملزمان کے قبضے سے 2.39 کروڑ روپے نقد برآمد کیے ہیں۔

ان سنسنی خیز انکشافات کے درمیان ضلع پولیس نے وضاحت کی ہے کہ یہ واقعہ چدانند کا ذاتی مجرمانہ فعل تھا؛ چدانند ایک پولیس کانسٹیبل ہے جو رمیش جارکیہولی کے سیکیورٹی گارڈ کے طور پر تعینات تھا ۔ 

سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے واضح طور پر کہا ہے کہ سابق وزیر اور رکن اسمبلی (ایم ایل اے) رمیش جارکیہولی کا اس ڈکیتی کی کوشش یا سازش سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔

پولیس نے وضاحت کی ہے کہ یہ مبینہ جرم پولیس کانسٹیبل اور اس کے ساتھیوں کا ذاتی فعل تھا، اور اس میں رکن اسمبلی (ایم ایل اے) کا کوئی کردار نہیں ہے۔


Share: