ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / ہندوستانی باشندوں کے لیے خوشخبری: قطر میں بھی یو پی آئی کے ذریعے ادائیگی کی سہولت دستیاب

ہندوستانی باشندوں کے لیے خوشخبری: قطر میں بھی یو پی آئی کے ذریعے ادائیگی کی سہولت دستیاب

Tue, 04 Mar 2025 10:40:03    S O News

نئی دہلی ،4/ مارچ (ایس او نیوز/ایجنسی)ہندوستان کا یونیفائیڈ پیمنٹس انٹرفیس (یو پی آئی) جلد ہی قطر میں متعارف کرایا جائے گا، جس سے وہاں مقیم ہندوستانی باشندے بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ قطر میں ہندوستان کے سفیر وِپُل نے گزشتہ ہفتے دوحہ میں منعقدہ ایک ویب سمٹ کے دوران اس حوالے سے معلومات فراہم کیں۔ جولائی 2024 میں قطر نیشنل بینک (کیو این بی) کے پوائنٹ آف سیل سسٹم کے ساتھ کامیاب انضمام کے بعد، دونوں ممالک کے درمیان ڈیجیٹل لین دین کے طریقہ کار میں بڑی تبدیلی متوقع ہے، جو کاروباری اور ذاتی ادائیگیوں کو مزید آسان بنا دے گی۔

ہندوستانی سفیر نے ’منی کنٹرول‘ کے ایک انٹرویو میں کہا کہ ’’قطر میں یو پی آئی سے لین دین جلد ہی شروع ہو جائے گا۔ قطر نیشنل بینک (کیو این بی) کے ساتھ انضمام مکمل ہو چکا ہے، ٹیسٹنگ ہو چکی ہے اور اس کی لانچنگ بھی ہو گئی ہے۔ یہ دونوں ممالک کے درمیان ڈیجیٹل پیمنٹ کو فروغ دینے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔‘‘ واضح ہو کہ یو پی آئی کے ذریعہ قطر میں بڑی تعداد میں رہ رہے ہندوستانیوں کے لیے مالی لین دین آسان ہو جائے گا اور فنٹیک تعاون بھی گہرا ہوگا۔ مالیاتی ٹکنالوجی کے علاوہ، ہندوستان اور قطر اسٹارٹ اپ اور جدت میں بھی اپنی شراکت کو مضبوط کر رہے ہیں۔

علاوہ ازیں ہندوستانی سفیر وِپُل نے کہا کہ ’’ہندوستان میں ہنرمندوں کی کوئی کمی نہیں ہے، ٹیکنالوجی پر توجہ ہے، 150000 اسٹارٹ اپ کے ساتھ اس کا دائرہ بھی کافی بڑا ہے۔ قطر میں اسٹارٹ اپ کے لیے فنانسنگ کے ساتھ ساتھ ایکو سسٹم بھی ہے۔ ہندوستانی اسٹارٹ اپ قطر میں دستیاب فوائد کے ساتھ اپنے کاروباری ماڈل کی تکمیل کر سکتے ہیں۔‘‘ ہندوستان اور قطر اپنے اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنا رہے ہیں، قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے حالیہ دورۂ ہندوستان کے بعد یہ اور مضبوط ہو گیا ہے۔ فروری میں قطر کے امیر کی 2 روزہ ہندوستانی دورے کے دوران قطر نے مختلف شعبوں میں 10 عرب ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا تھا۔

ہندوستانی سفیر کے مطابق قطر نے پہلے ہی ہندوستان میں ریٹیل، رینیو ایبل اینرجی، آئی ٹی اور تعلیم جیسے شعبوں میں 1.5 بلین ڈالر کی پہلے سے ہی سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔ حالیہ دنوں میں 10 بلین ڈالر کے وعدے کے ساتھ اب انفراسٹرکچر، فنٹیک، خلا اور دیگر شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کا دائرہ بڑھ سکتا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ موجودہ وقت میں 800000 سے زائد ہندوستانی قطر میں رہ رہے ہیں۔ علاوہ ازیں ہندوستانی سفیر نے کہا کہ ’’قطر ہندوستانیوں کے تعاون کی تعریفیں کرتا ہے۔ ہمیں آئی آئی ٹی، آئی آئی ایس سی اور قطر انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے درمیان شراکت داری اور ٹیلنٹ کے تبادلے کو فروغ دینا چاہیے۔‘‘


Share: