نئی دہلی 6/جنوری (آئی این ایس انڈیا) ہندوستان میں برڈ فلو کی دستک کے بعد کئی ریاستوں میں ہلچل پیدا ہوگئی ہے۔ پہلے کورونا کی وجہ سے لوگ بے حدپریشان تھے اب برڈ فلو نے قہرڈھایا ہے۔ سب سے زیادہ مدھیہ پردیش میں برڈ فلو کے کیسزسامنے آئے ہیں، جہاں سینکڑوں کوؤں کی موت ہوئی ہے اور بتایاجارہا ہے کہ انہیں برڈ فلو کا وائرس لاحق ہوا تھا۔ اب اس بحران کو دیکھتے ہوئے مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے ایک میٹنگ بلاتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لیا ہے۔
شیوراج سنگھ چوہان کی طرف سے منعقدہ میٹنگ میں ریاستی وزیر صحت اور دیگر عہدیدار شریک رہے۔ اجلاس میں برڈ فلو کے بارے میں حکومت ہند کی طرف سے ارسال کردہ ہدایات کے بارے میں تبادلہ خیال ہوا۔ بتایا گیا ہے کہ اب پرندوں کے نمونے ریاست میں پولٹری کی شکل میں لئے جائیں گے، اور اس کام کے لئے جلد ہی ریاستی حکومت ہدایات جاری کرے گی۔
ہندوستانی حکومت کے مطابق راجستھان، مدھیہ پردیش، ہماچل پردیش، کیرالہ میں برڈ فلو کی تصدیق ہوگئی ہے۔ ایسی صورت میں مرکزی حکومت کی جانب سے ایک کنٹرول روم بنایا گیا ہے، جس کے ذریعے ملک میں اس طرح کے معاملات کی نگرانی کی جارہی ہے۔ تمام اہم اقدامات ریاستی حکومتوں کے ساتھ مل کر اٹھائے جارہے ہیں۔
مرکزی حکومت کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق بارن، کوٹا، جھالواڑ،جستھان کے مندسور، اندور، مالوا،ہماچل پردیش کے کانگڑا، کیرالا کے کوٹایم، الاپوجھا میں سب سے زیادہ برڈ فلو کا اثر دیکھا جارہا ہے۔