باگلکوٹ، 6 / جنوری (ایس او نیوز) باگلکوٹ ضلع کے جمکھنڈی تعلقہ میں واقع تودلباگی گاوں میں سری رام سینا کی طرف سے اپنے کارکنان کو بندوق چلانے سمیت دیگر جنگی فنون کی تربیت دینے کے لئے چھ روزہ کیمپ منعقد کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ ریاست کے مختلف مقامات پر شخصیت سازی اور ذاتی دفاع کے لئے مختلف قسم کی جسمانی تربیت دینے کے نام پر کیمپ لگائے جا رہے ہیں اور ان کیمپوں میں بندوق چلانے کی ٹریننگ بھی دی جا رہی ہے ۔
بتایا جاتا ہے کہ تودلباگی گرام کے پہاڑی علاقے میں منعقد کیے گئے اس کیمپ میں لاٹھی چلانے، ایئر گن کے ذریعے بندوق چلانے اور نشانہ بازی کے علاوہ کراٹے، کانٹے دھار جھاڑیوں سے گزرنا، مشتبہ حالات اور مقامات سے بحفاظت باہر نکل آنا جیسے پہلووں سے شرکاء کو ٹریننگ دی گئی ۔
یہ بات بھی معلوم ہوئی ہے کہ سری رام سینا نے اس طرح کیمپوں کے ذریعے اب تک اپنے 186 کارکنان کو تربیت دی ہے ۔ سری رام سینا کی اس حرکت پر عوام اپنی تشویش کا اظہار کر رہے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ اس پر سنجیدگی سے توجہ دے اور اس کی روک تھام کے لئے فوری اقدام کرے ۔
دوسری طرف جمکھنڈی کے سرکل پولیس انسپکٹر ایم ڈی مڈّی نے اس معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ ہمارے علم میں آیا ہے ۔ یہ معاملہ کب اور کہاں پیش آیا ؟ اس کے بارے میں تحقیق ہو رہی ہے ۔ تحقیقات کے دوران اگر کوئی غلط اور قابل گرفت بات سامنے آتی ہے تو پھر قانون کے مطابق اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔
سماج کے ایک حلقے میں اس بات پر بھی گرما گرم بحث ہو رہی ہے کہ ریاست میں سدا رامیا کی قیادت والی کانگریسی حکومت چل رہی ہے ۔ اس دوران سنگھ پریوار کی دہشت گردانہ سرگرمیوں کے لئے پورے مواقع حاصل ہو رہے ہیں ۔ اگر یہی تربیتی کیمپ مسلمانوں کی طرف سے منعقد کیے جاتے تو حکومت اور قانون نافذ کرنے والی ایجنسیاں چھاپہ ماری اور گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کر چکی ہوتیں ۔ یہ سوال بھی اٹھ رہا ہے کہ سنگھ پریوار کو کھلی چھوٹ دینے والی ریاستی حکومت مسلمانوں کے تحفظ کی ضمانت کس حد تک دے سکتی ہے ؟