ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / مہاراشٹر اسمبلی انتخابات: مہا وکاس اگھاڑی کے 5 ہارے ہوئے امیدواروں کی بامبے ہائی کورٹ میں عرضی

مہاراشٹر اسمبلی انتخابات: مہا وکاس اگھاڑی کے 5 ہارے ہوئے امیدواروں کی بامبے ہائی کورٹ میں عرضی

Thu, 09 Jan 2025 18:23:14  Office Staff   S.O. News Service

ممبئی ، 8/جنوری (ایس او نیوز /ایجنسی)پچھلے سال نومبر میں منعقد ہوئے مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں شکست کھانے والے مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) کے 5 امیدواروں نے بامبے ہائی کورٹ میں انتخابی نتائج کو چیلنج کرتے ہوئے عرضی دائر کی ہے۔ ان امیدواروں میں شیو سینا (یو بی ٹی) کے منوہر کرشنا مادھوی، این سی پی (شرد پوار گروپ) کے پرشانت سُدام جگتاپ، مہیش کوٹھے، نریش رتن منیرا اور سنیل چندر کانت بھسارا شامل ہیں۔ بار اینڈ بنچ کی رپورٹ کے مطابق ان امیدواروں نے اپنی عرضی میں انتخابی بے ضابطگیوں کے الزامات لگائے ہیں، جن میں ڈپلیکیٹ ووٹنگ، مجرمانہ مقدمات چھپانے، اثاثوں کی غلط معلومات فراہم کرنے، ای وی ایم کی خرابی، رشوت خوری اور انتخابی عمل کی شفافیت کی کمی شامل ہیں۔ آئیے جانتے ہیں کہ ان امیدواروں نے کن معاملات کو چیلنج کیا ہے۔

1-ایرولا سیٹ:شیو سینا (یو بی ٹی) کے امیدوار منوہر مادھوی نے بی جے پی کے گنیش چندر نائک کی جیت کو چیلنج کیا ہے۔ انہوں نے عرضی میں یہ الزام عائد کیا ہے کہ نائک اور الیکشن کمیشن نے ڈپلی کیٹ ووٹنگ اور دیگر بے ضابطگیوں کی اجازت دے کر انتخابی نتائج کو متاثر کیا ہے۔

2- ہَڈپَسَر سیٹ:راشٹروادی کانگریس پارٹی (شرد پوار گروپ) پرشانت جگتاپ نے راشٹروادی کانگریس پارٹی (اجیت پوار گروپ) کے چیتن توپے کی جیت کو چیلنج کیا ہے۔ جگتاپ کا الزام ہے کہ چیتن نے اپنے خلاف زیر التواء مجرمانہ معاملوں اور اثاثوں کی جانکاری چھپائی ہے جو کہ عوامی نمائندگی ایکٹ 1951 کی دفعہ 125 اے کی خلاف ورزی ہے۔

3- سولاپور شمالی سیٹ:مہیش کوٹھے نے بی جے پی کے وجے کمار دیش مکھ کی جیت کو چیلنج دیا ہے۔ بی جے پی امیدوار پر الزام ہے کہ اس نے اپنے اثاثوں کی جانکاری چھپائی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی الزام لگایا ہے کہ ریٹرننگ آفیسر نے ان کی پرچہ نامزدگی کو غلط طریقے سے قبول کیا ہے۔

4- اُوالا ماجیواڑا سیٹ:نریش منیرا نے مہایوتی کے پرتاپ بابو راؤ سرنائک کی جیت کو چیلنج کیا ہے۔ ان کا الزام ہے کہ ووٹنگ مرکز پر ای وی ایم اور وی وی پیٹ سسٹم میں گڑبڑی ہوئی ہے جس سے سرانائک کو فائدہ ہوا ہے۔

5- وکرم گڑھ سیٹ:سنیل بُھسارا نے بی جے پی کے ہریش چندر بھوئے کی جیت کو چیلنج کیا ہے۔ ان کا الزام ہے کہ بی جے پی امیدوار نے رشوت خوری جیسے بدعنوانی کا سہارا لیا ہے۔ ساتھ ہی فرام 17-سی اور سی سی ٹی وی فوٹیج مہیا نہ کرا کر انتخابی عمل کو مبہم بنایا گیا۔

قابل ذکر ہے کہ تمام عرضیاں وکیل اسیم سروڑے اور اجکویہ گائیکواڈ کے ذریعہ دائر کی گئی ہیں۔ ہائی کورٹ میں ان عرضیوں پر جلد ہی سماعت ہونے کا امکان ہے۔


Share: