پتور11؍اکتوبر (ایس او نیوز) گھر سے بھاگے ہوئے عاشقوں کے ایک جوڑے نے اپن انگڈی میں منصوبہ بندی کے ساتھ کار کا حادثہ کرتے ہوئے خودکشی کی ناکام کوشش کی۔ جس کی وجہ سے لڑکی شدید زخمی ہوگئی اور اس کے عاشق کوپولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔
اطلاع کے مطابق بیدر ضلع کے ہالیکھیڑ کا رہنے والا شارنیا(۲۰سال) اور اس کی 17سالہ معشوقہ 5اکتوبر کوگھر سے فرار ہوکر دھرمستھلا پہنچے تھے۔ لیکن ان کے میاں بیوی ہونے پر شک کرتے ہوئے یہاں پر کسی بھی لاڈج میں انہیں کمرہ نہیں دیا گیا۔اسی دوران لڑکی کے گھر والوں نے پولیس میں شکایت درج کروائی کی کہ لڑکی کا اغوا کیا گیا ہے۔جب ان دونوں کو یہ بات معلوم ہوئی تو دونوں گھبرا گئے اور فیصلہ کیا کہ پولیس کے ہاتھ لگنے یا گھر واپس لوٹنے سے بہتر ہے کہ دونوں ایک ساتھ خودکشی کرلیں۔
حادثے میں صحیح سلامت بچنے والے شارنیا کے بیان کے مطابق لڑکی نے کا ر کسی چیز سے ٹکراکر حادثہ کرتے ہوئے موت کوگلے لگانے کامنصوبہ بنایا۔ پھراس نے خودکشی کے ارادے سے سبرامنیا کی طرف کار آگے بڑھائی اور ایک موڑ پر بہت ہی تیز رفتاری کے ساتھ اسٹیئرنگ گھماتے ہوئے کسی عمارت کی دیوار سے کارٹکرا دی۔حادثے میں لڑکی کو شدید چوٹیں آئی ہیں اور اسے علاج کے لئے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔جبکہ شارنیا صحیح سلامت رہا۔
پولیس نے لڑکے کو گرفتار کرلیا ہے کیونکہ اس کے خلاف بیدر ضلع میں لڑکی کو اغوا کرنے کا کیس درج ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ لڑکے کو تحویل میں لینے کے لئے بیدر پولیس کی ٹیم پتور پہنچ رہی ہے۔زیرعلاج لڑکی کو پولیس تحفظ فراہم کردیا گیا ہے۔ پولیس کی مزید تحقیقات کے بعد کچھ اور تفصیلات سامنے آنے کے امکانات جتائے جارہے ہیں۔