ممبئی، 11/جنوری (ایس او نیوز /ایجنسی)سپریم کورٹ نے ممبئی کی آرے کالونی میں درختوں کی کٹائی پر سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کے درخت اتھارٹی کو حکم دیا ہے کہ مزید کٹائی عدالت کی اجازت کے بغیر نہ کی جائے۔ جسٹس ابھے ایس اوکا اور جسٹس اروند کمار کی قیادت والی بنچ نے جمعہ کے روز کہا کہ اتھارٹی پہلے درخواستوں پر غور کرے اور پھر عدالت سے حکم حاصل کرے۔
یہ حکم سپریم کورٹ نے تب جاری کیا ہے جب ممبئی میٹرو ریل کارپوریشن لمیٹڈ (ایم ایم آر سی ایل) نے بنچ کو مطلع کیا کہ علاقہ میں مزید درختوں کو کاٹنے کی کوئی تجویز زیر التوا نہیں ہے۔ عدالت نے اس معاملے میں آئندہ سماعت کے لیے 5 مارچ کی تاریخ مقرر کی ہے۔ سپریم کورٹ نے مہاراشٹر حکومت کو یہ بتانے کی ہدایت دی تھی کہ کیا آرے جنگل میں مزید درختوں کو کاٹنے کی کوئی تجویز ہے؟
عدالت عظمیٰ نے 2023 میں کچھ ونواسی طبقہ کو میٹرو ریل پروجیکٹ کے لیے جنگل میں درختوں کی کٹائی سے متعلق اپنی شکایتوں کے ساتھ بامبے ہائی کورٹ جانے کی اجازت دی تھی۔ 17 اپریل 2023 کو سپریم کورٹ نے کار شیڈ پروجیکٹ کے معاملے میں ممبئی میٹرو کو سخت پھٹکار بھی لگائی تھی۔ عدالت نے کہا تھا کہ جنگل میں صرف 84 درختوں کی کٹائی سے متعلق اجازت دی گئی تھی جس کی خلاف ورزی کی گئی۔ سپریم کورٹ نے اس پر 10 لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ 84 سے زیادہ درختوں کی کٹائی کے لیے درخت اتھارٹی کو ایم ایم آر سی ایل کی طرف سے درخواست دینا مناسب تھا۔