ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / وزیراعلیٰ یوگی نےپھر متنازع بیان دیا"ہمیں رام مندرتعمیرکی تیاریاں شروع کرنی چاہئے"

وزیراعلیٰ یوگی نےپھر متنازع بیان دیا"ہمیں رام مندرتعمیرکی تیاریاں شروع کرنی چاہئے"

Sat, 20 Oct 2018 11:47:23  SO Admin   S.O. News Service

لکھنؤ، 20؍اکتوبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے عوام سے رام مندر تعمیر کی تیاریاں شروع کرنے کو کہا ہے۔ انہوں نے ایک پروگرام میں بولتے ہوئے کہا کہ ہمیں رام مندر کی تیاریاں کرنی شروع کرنی چاہئے۔

آئندہ اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کے درمیان ایک بارپھر سے رام مندر پرسیاسی بحث کی شروعات ہوچکی ہے۔ جمعرات کو وجے دشمی پرآرایس ایس سربراہ موہن بھاگوت نے رام مندر کا راگ چھیڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت رام مندر کی تعمیر کے لئے قانون بنائے۔

آرایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کی بیان بازی کے بعد سیاسی صورتحال میں گرماہٹ آگئی ہے۔ کیونکہ پانچ ریاستوں میں ہونے والے انتخابات اورپھرلوک سبھا الیکشن 2019 سے قبل اس طرح کا ماحول بننے سے لوگوں میں بے چینی پائی جارہی ہے۔ بہرحال وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے بیان کے بعد معاملے میں مزید گرماہٹ آجائے گی۔

جمعرات کو ہی ایک پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے شیو سینا سربراہ ادھو ٹھاکرے نے کہا تھا کہ اگر بی جے پی حکومت رام مندر کی تعمیر نہیں کرارہی ہے تو ہم رام مندر کی تعمیرکرائیں گے۔

شیو سینا سربراہ ادھو ٹھاکرے نے کہا "رام مندر بناو، نہیں تو ہم مندربنائٰں گے۔ یہ ایک پاک کام ہے، اگرآپ مندر نہیں بناسکتے تو آپ کے (بی جے پی) ڈی این اے میں کچھ گڑبڑ ہے"۔ ٹھاکرے نے کہا کہ "شیو سینا ایسے نہیں سمجھاتی، کان کے نیچے بجاکرسمجھاتی ہے"۔


Share: