ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / مناسب موقع ملتے ہی قاسم سلیمانی کے خون کا بدلہ لیں گے: القدس فورس

مناسب موقع ملتے ہی قاسم سلیمانی کے خون کا بدلہ لیں گے: القدس فورس

Sat, 26 Dec 2020 20:11:14  SO Admin   S.O. News Service

تہران،26 /دسمبر(آئی این ایس انڈیا)ایرانی پاسداران انقلاب کی قدس فورس نے اپنے کمانڈر قاسم سلیمانی کے قتل کی برسی پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ سلیمانی کے خون کا بدلہ لینا ابھی باقی ہے۔ مناسب موقع ملتے ہی ہم قاسم سلیمانی کے قتل کا حساب چکائیں گے۔

قدس فورس کے ایک کمانڈر محمد حجازی نے امریکا کو جواب دینے اپنی دھمکی دہرائی۔ خیال رہے کہ امریکا میں ایران کے درمیان بڑھتے ہوئے تناؤ کے باوجود دونوں‌ طرف سے سیاسی بیان بازی جاری ہے۔

ان دھمکیوں‌ کے جلو میں ایرانی قدس فورس کے ڈپٹی کمانڈر محمد حجازی نے کہا دشمن سے سخت بدلہ لینے کا مطالبہ باقی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ انتقام ان لوگوں سے ہونا چاہئے جنہوں نے سلیمانی کے قتل کا حکم دیا اور اسے انجام دیا تھا لیکن انتقام کا وقت اور طریقہ کار حالات پر منحصر ہے۔

پاسداران انقلاب کی "تسنیم" نیوزایجنسی کے مطابق حجازی نے جمعہ کے روز نامہ نگاروں سے اس بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم امریکا کو دو طمانچے مزید لگائیں گے۔ ایک طمانچہ خطے میں امریکی نفوذ کا خاتمہ اور دوسرا عراق سے امریکی فوجیوں کو نکال باہر کرنے کا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے عراق میں ہمارے کمانڈر کو قتل کیا۔ اس کے جواب میں سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے عراق کے عین الاسد فوجی اڈے پر حملے اور ایران میں سلیمانی کے بڑے جنازے کا اہتمام کرنے کے احکامات صادر کیے تھے۔

خیال رہے کہ ایران میں جنوری 2020ء میں قاسم سلیمانی کے جنازے میں بھگدڑ مچنے سے سیکڑوں افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے تھے۔

ایرانی عہدیدار کی طرف سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دوسری طرف امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی جاری ہے۔ عراق میں گذشتہ ہفتے امریکی سفارت خانے پر راکٹ حملوں کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا تھا کہ اگر اس نے عراق میں ہمارے مفادات پر حملہ کیا تو تہران کو اس کی قیمت چکانا پڑے گی۔


Share: