حیدرآباد 20/اکتوبر(ایس او نیوز) حیدرآباد دکن کے ممتاز سخنورشاعر‘ماہر اقبالیات او رروزنامہ منصف کے ادبی ایڈیشن کے انچارج جناب مضطر مجاز کاجمعہ کی شام کو اچانک انتقال ہوگیا ۔ وہ 84برس کے تھے ۔ انہیں انگریزی‘فارسی اور اردوزبانوں پر عبور حاصل تھا۔ سابق عثمانین مضطرمجاز ‘ محکمہ امدادباہمی میں سب رجسٹرارکے عہدہ سے وظیفہ پر سبکدوش ہوئے تھے ۔
شاعرمشرق علامہ اقبال کے فارسی کلام کااردو میں ترجمہ ان کے تخلیقی وادبی سفر میں سنگ میل رکھتا ہے ۔ انہوں نے غالب کے فارسی کلام کا بھی ترجمہ کیاہے۔ وہ بہت سی خوبیوں کے مالک تھے ۔ ان کی ادبی خدمات چھ دہوں پرمحیط ہے ان کی شعری تصانیف میں’’موسم سنگ‘‘ ایک سخن اور ‘ایک زخم نہاںاور (طلسم مجاز) قابل ذکر ہیں۔ ادبی خدمات کے اعتراف میں انہیں غالب ایوارڈ سے بھی نوازاکیاگیاتھا۔ نماز جنازہ ہفتہ کوبعدنماز ظہرمسجد میرمومن سعید آباد میںاداکی جائے گی اور تدفین درگاہ حضرت اجالے شاہ ؒ سے متصل قبرستان میں عمل میں آئے گی۔ پسماندگان میں اہلیہ ‘ 4فرزندان اورایک دخترشامل ہے