مراد آباد،27 دسمبر(آئی این ایس انڈیا) اترپردیش کے شہرمراد آباد میں رام مندر کی تعمیر کے نام پر وصولی کے معاملے کے بعد پولیس نے بی جے پی کے ضلعی صدر کی شکایت پر مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
الزام ہے کہ چندہ کی رسید پر یوپی کابینہ کے وزیر بھوپندر سنگھ اور بی جے پی کے ضلعی صدر راج پال سنگھ چوہان کی تصویر بھی استعمال کی گئی ہے۔ وشو ہندو مہاشکتی سنگھ نامی تنظیم نے ان عطیات کی رسیدیں چھاپی ہیں۔ کابینہ کے وزیر بھوپندر سنگھ کا کہنا ہے کہ رام مندر کے نام پر رقم اکٹھا کرنے کی شکایت موصول ہوئی ہے۔
ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ غلط کام کرنے والوں کے خلاف کاروائی ہونی چاہئے۔وشو ہندو مہاشکتی سنگھ نامی تنظیم رام مندر کے نام پر چندہ اکٹھا کرنے کے بارے میں آگاہ ہونے کے بعد بی جے پی لیڈران نے اسے سنجیدگی سے لیا ہے۔ بی جے پی لیڈران کی تصویر کے غلط استعمال پر ضلعی صدر کی جانب سے ماجھولہ پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
عالمی ہندو مہاشکتی سنگھ عطیات کی وصولیوں کو چھاپ کر چندہ جمع کررہا تھا اور بی جے پی لیڈران کی تصاویر لگا کر سوشل میڈیا پر چندہ کی اپیل کی گئی تھی۔ جب کابینہ کے وزیر بھوپندر سنگھ کو اس بارے میں پتہ چلا تو بی جے پی کے ضلعی صدر کی طرف سے پولیس میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ وشو ہندو مہاشکتی سنگھ کے قومی صدر نے فون پر اطلاع دی کہ ان کی تنظیم 2018 سے کام کررہی ہے اور وہ یہ رقم رام مندر کو بھیجنے جارہی ہے لیکن اب یہ چندہ بند کردیا گیا ہے۔
دوسری طرف یوپی کے کابینہ کے وزیر بھوپندر سنگھ کا کہنا ہے کہ ایسے لوگوں کے خلاف تعزیرات ہندکے تحت کاروائی ہونی چاہئے۔ چندہ کی رسید پر وزیر اعلی، وزراء اور سینئر لیڈران کی تصاویر چھپی ہوئی ہیں، جو غلط ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ سائبر سیل کو بھی تحقیقات میں لگادیا گیا ہے۔