ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / غزہ کی بحری ناکہ بندی توڑنے کی کوشش ناکام، 29 فلسطینی شہری زخمی

غزہ کی بحری ناکہ بندی توڑنے کی کوشش ناکام، 29 فلسطینی شہری زخمی

Wed, 10 Oct 2018 18:54:49  SO Admin   S.O. News Service

غزہ10اکتوبر ( آئی این ایس انڈیا ؍ایس او نیوز) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کی شمالی سرحد پربحری ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کرنے والے فلسطینیوں پراسرائیلی فوج نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 29 شہری زخمی ہوگئے۔ یاد رہے کہ غزہ کی بحری ناکہ بندی توڑنے کی یہ گیارہویں کوشش تھی جسے صہیونی حکام نے ناکام بنا دیا۔ اطلاعات کے مطابق غزہ کی بحری ناکہ بندی توڑنے والے فلسطینیوں پر قابض فوج نے فائرنگ اور آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں کم سے کم 29 فلسطینی زخمی ہو گئے۔وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف القدرہ نے بتایا کہ اسرائیلی فائرنگ سے 29 فلسطینی زخمی ہوگئے۔ 11 فلسطینی گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے۔ غزہ کے مقام پر اسرائیلی ریاستی دہشت گردی اور ناکہ بندی کے خلاف اور حق واپسی کے حق میں ایک ریلی نکالی گئی جس میں سیکڑوں فلسطینیوں نے حصہ لیا۔ اس موقع پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے درجنوں فلسطینی شہری زخمی ہوگئے۔خیال رہے کہ غزہ کی پٹی کے عوام گذشتہ کئی ہفتوں سے علاقے کی بحری ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کررہے ہیں۔ گذشتہ روز غزہ کی سمندری ناکہ بندی توڑنے کی 11 ویں کوشش کی گئی جسے اسرائیلی فوج نے ناکام بنا دیا۔یاد رہے کہ 30 مارچ 2018 کے بعد سے غزہ میں جاری احتجاجی تحریک کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ اور تشدد کے نتیجے میں 200 سے زاید فلسطینی شہید اور 22 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں.


Share: