ممبئی یکم اکتوبر( ایس او نیو ز؍پریس ریلیز) ہندوستا ن جیسے تکثیری ملک میں اور خاص طور پر ملک کے موجودہ منظر نامے میں یہاں کے مسلمانوں کے لئے جمعیۃعلماء نعمت خداوندی اور عطیہ الٰہی ہے۔ملک کے کسی بھی حصہ میں قدرتی آفات یا فرقہ وارانہ فسادات کی لپیٹ میں آئے ہوئے لوگوں کی امداد و دستگیری کے لئے یہی جماعت سب سے پہلے آگے بڑھتی ہے اور مسلمانوں کو ہر طرح کے مشکل حالات میں ڈھارس بندھاتی ہے۔ان خیالات کا اظہار مولانا حلیم اللہ قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء مہاراشٹر نے مغربی مہاراشٹر کے شہر کولہا پور کے اکبر محلہ مسجد میں علماء کرام و معززین شہرسے خطاب کے دوران کیا۔
مولانا حلیم اللہ قاسمی نے کہا کہ ہر دو سال بعد جمعیۃعلماء کی ممبر سازی کی جاتی ہے اور ہر عاقل و بالغ مسلمان مرد و عورت کو یہ دعوت دی جاتی ہے کہ وہ اس جماعت کا ممبر بن کر ملک و ملت کی تعمیر میں ہاتھ بٹائیں ۔
مولانا نے جمعیۃعلماء کے کارکنان سے یہ درخواست کی کہ وہ محلہ محلہ اور گھر گھر جاکر لوگوں کو جمعیۃعلماء ہند ممبر بنائیں ،مساجد کے باہر اورچوراہوں پر باقاعدہ ٹیبل لگا کر اس کی مہم چلائیں ۔اس ملک میں مسلمانوں کو جس طرح کے حالات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، وہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں ہے،مسلمانوں کے ساتھ دلت اور دیگر اقلیتیں بھی ملک میں خوف و ہراس کی زندگی گزارنے پر مجبور کی جارہی ہیں،اور سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ ملک کے سیکولر آئین کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے ،ایسے ماحول میں جمعیۃعلماء ہند کے بینر تلے اور جمعیۃعلماء کے بزرگوں کی رہنمائی میں حالات کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔
مولانا اشتیاق احمد قاسمی نائب صدر جمعیۃعلماء مہاراشٹر نے ووٹر لسٹ میں ناموں کے اندراج اور درستگی کی طرف توجہ دلاتے ہوئے فرمایا کہ جمعیۃعلماء ہند کی رپورٹ کے مطابق ملکی پیمانے پر کروڑوں مسلمانوں کے نام ووٹر لسٹ میں نہیں ہیں جبکہ ان کی عمر جنوری 2019میں 18سال یا اس سے زائد ہو گئی ہے۔
مولانا قاسمی نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ آن لائن چیک کرنے پر پتہ چلتا ہے کہ پرانی ووٹر لسٹ کی فہرست کے کثیر تعداد میں نام غائب بھی ہیں ۔اس خطرناک صورت حال پر فوری توجہ دلاتے ہوئے وقت کے اندر بیداری لانے کی اپیل کی ۔
مولانا نے یہ بھی فرمایا کہ اگر ہم نے بیداری کا ثبوت نہیں دیا تو ملت کو ناقابل تلافی نقصان پہونچنے کا اندیشہ ہے۔پورے ملک میں 31اکتوبر تک ووٹر لسٹ میں ناموں کے اندراج اور ووٹر لسٹ میں درستگی کا عمل جاری رہے گا۔اس لئے ہمیں وقت کے اندر اس کے لئے بیداری لانے کی ضرورت ہے تاکہ مستقبل کے نقصانات سے ہم محفوظ رہ سکیں ۔