دبئی،26 /دسمبر(آئی این ایس انڈیا)دریائے دجلہ کے پانی پر ترک حکومت کی طرف سے لگائے جانے والے تازہ منصوبوں پر عراق نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ عراقی وزارت آبی وسائل کے ترجمان عونی ذیاب نے دریائے دجلہ پر ترکی کے "گاب" منصوبے کے بارے میں اپنے ملک کے خدشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے العربیہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عراق ترکی کے آبپاشی منصوبوں کے بارے میں فکرمند ہے جو بڑے پیمانے پر پانی کا استحصال کرتے ہوئے عراق کو اس کی آبی درآمدات سے محروم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ بغداد کو دریائے دجلہ پر ترکی کے 'الغاب' منصوبے پر گہری تشویش ہے۔ اس منصوبے سے عراق کو دریائے دجلہ کے پانی سے محروم کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ الیسو ڈیم کو چلانے کے معاملے پر ان کے ملک اور ترکی کے درمیان رابطے جاری ہیں اور اس پر ابتدائی معاہدہ طے پایا ہے۔
تاہم انہوں نے زور دے کر کہا کہ الیسو ڈیم ہی عراق میں پانی کے لیے واحد خطرہ نہیں ہے بلکہ کئی ایسے ڈیم زیر تعمیر ہیں جو دریائے دجلہ میں پانی کی سطح کو بہت متاثر کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایک اعلی سطح کا عراقی وفد آئندہ ماہ کے اوائل میں ترکی کے ساتھ پانی کے معاملے پر تبادلہ خیال کرے گا۔
عراق ان تمام منصوبوں کی تکمیل سے قبل عراق۔ ترکی کی سرحدوں تک پہنچنے والی پانی کی مقدار کے بارے میں دو طرفہ معاہدہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔