نئی دہلی 7 جنوری(آئی این ایس انڈیا)سپریم کورٹ نے بدھ کے روزالیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (ای وی ایم) کا استعمال بند کرنے اوراس کی بجائے آئندہ انتخابات میں بیلٹ پیپر کا استعمال کرنے کے لیے الیکشن کمیشن کو ہدایت دینے کی درخواست کی سماعت سے انکارکردیا ہے۔ چیف جسٹس ایس اے بوبڑے نے عرضی مسترد کرتے ہوئے درخواست گزار سے پوچھا ہے کہ اس سے بنیادی حقوق کس سے متاثر ہورہے ہیں؟ تاہم، عدالت نے کہا ہے کہ درخواست گزار اس کیس سے متعلق ہائی کورٹ جاسکتا ہے۔
اس عرضی میں کہا گیا ہے کہ ای وی ایم کے غلطی سے ہونے کا خطرہ زیادہ ہے اور بہت سے دوسرے ممالک نے اس کے استعمال پر پابندی عائد کردی ہے کیونکہ اس کی شفافیت اور درستگی پر شکوک و شبہات پیدا ہوگئے ہیں۔
ایڈووکیٹ سی آرجیا سکین کے ذریعہ دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کو پوری ہندوستان میں روایتی بیلٹ پیپرسے تبدیل کیا جائے۔ درخواست گزار نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کے انتخابی عمل کے لیے بیلٹ پیپرز کے ذریعے ووٹ ڈالنا زیادہ قابل اعتماد اور شفاف طریقہ ہے۔