ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / سعودی شاہ سلمان کی خلیج عرب لیڈروں کو جی سی سی کے سربراہ اجلاس میں شرکت کی دعوت

سعودی شاہ سلمان کی خلیج عرب لیڈروں کو جی سی سی کے سربراہ اجلاس میں شرکت کی دعوت

Sun, 27 Dec 2020 18:02:25  SO Admin   S.O. News Service

ریاض  27دسمبر (آئی این ایس انڈیا)سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے خلیج تعاون کونسل ( جی سی سی) کے رکن ممالک کے لیڈروں کو آیندہ سربراہ اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔

جی سی سی کا اکتالیسویں سربراہ اجلاس پانچ جنوری کو سعودی دارالحکومت الریاض میں منعقد ہوگا۔شاہ سلمان نے میزبان ملک کی حیثیت سے جی سی سی کے سیکریٹری جنرل سے کہا ہے کہ وہ ان کی طرف سے عرب لیڈروں کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دے سکتے ہیں۔

جی سی سی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر نایف فلاح الحجرف نے ہفتےکے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’ میں نے آج شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے صدرجناب شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان کو الریاض میں جی سی سی کے سربراہ اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔یہ دعوت نامہ یو اے ای کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے آج دبئی میں وصول کیا ہے۔‘‘

بیان کے مطابق جی سی سی کے لیڈر اس سالانہ اجلاس میں رکن ممالک کے درمیان اقتصادی ترقی ، تجارت ، تعلیم اور ثقافت کے شعبوں میں مربوط تعاون کے فروغ کے لیے تبادلہ خیال کریں گے۔

یواے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام نے ایک بیان میں کہا ہے کہ’’آیندہ اجلاس میں عرب لیڈر کرونا وائرس کی وبا کے خلیجی ممالک اور ان کی معیشتوں پرمرتب ہونے والے اثرات کا جائزہ لیں گے اور ان سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کاوشوں کے بارے میں بات چیت کریں گے۔‘‘

جی سی سی میں سعودی عرب کے علاوہ متحدہ عرب امارات ، بحرین ، عُمان ، قطر اور کویت شامل ہیں۔


Share: