نئی دہلی22دسمبر(آئی این ایس انڈیا)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سوسال مکمل ہونے پر امیر جماعت اسلامی ہند جناب سید سعادت اللہ حسینی نے یونیورسٹی کے طلبہ،اساتذہ، انتظامیہ اور ابنائے قدیم کو مبارک باد دی ہے اور دعا فرمائی کہ اللہ تعالیٰ یو نیورسٹی کو ترقی کی اور اعلیٰ منزلیں عطا فرمائے اورملک وملت کی عظیم خدمات کا موقع عطا کرے۔
امیر جماعت نے تعلیم و تحقیق کے میدانوں میں یونیورسٹی کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہاہے کہ یونیورسٹی نے ماہرین اور دانشوروں کی ایسی کئی نسلیں تیار کی ہیں جنہوں نے دنیا میں اپنا اعلیٰ معیار منوایا۔ یونیورسٹی کے کئی شعبوں کے اعلیٰ تعلیمی وتحقیقی معیار کی دنیا قائل ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اپنے سفر کی دوسری صدی کے ابتدائی سالوں میں یونیورسٹی اور تیزی سے ترقی کرے گی اور اپنے مقاصد کو زیادہ بہتر طور پر حاصل کرنے کی جدو جہد کرے گی۔
جناب حسینی نے اپنے بیان میں کہا کہ یونیورسٹی محض دانش گاہ نہیں ہوتی،وہ تہذیبی مرکز بھی ہوتی ہے۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی ایک ایسی تہذیب کا گہوارہ ہے جسے اس وقت ملک میں طرح طرح کے چیلنجوں کا سامنا ہے۔ یونیورسٹی سے بجا طور پر یہ توقع کی جاتی ہے کہ وہ مسلمانان ہند کی تعلیمی اور تہذیبی ترقی کا ذریعہ بھی بنے گی اور ان کی تہذیبی قدروں اور تہذیبی حقوق کی حفاظت اور دفاع کا بھی فریضہ انجام دے گی۔
امیرجماعت نے حکومت ہند کو بھی یاددلایاکہ وہ ملک کے تمام شہریوں کی فلاح و بہبود کی ذمہ دار ہے۔ اقلیتوں کی تعلیمی ترقی اور ان کے تہذیبی حقوق کی دستوری ضمانت کا تقاضہ یہ ہے کہ اقلیتی کردار کے حامل اداروں پر حکومت توجہ دے اور وقفہ وقفہ سے اس یونیورسٹی کے اقلیتی کردار کو ختم کرنے کی جو حرکتیں ہوتی ہیں ان سے سختی سے نمٹے۔
یونیورسٹی اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کے ذریعے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔اس کے لیے جہاں حکومت بیرون ملک کی یونیورسٹیوں کے کیمپس ملک میں قائم کرنے کی اجازت دیناچاہتی ہے،وہیں وہ اس مشورے پربھی غور کرے کہ اے ایم یوکے کیمپس ملک کے مختلف ایسے اضلاع میں قائم کیے جائیں جہاں مسلمان معتدبہ تعدادمیں آبادہیں۔