ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / داعش کے 300 سے زیادہ ارکان کو موت کے گھاٹ اتارنے کا حکم

داعش کے 300 سے زیادہ ارکان کو موت کے گھاٹ اتارنے کا حکم

Fri, 12 Oct 2018 17:01:41  SO Admin   S.O. News Service

دبئی12اکتوبر ( آئی این ایس انڈیا ؍ایس او نیوز) عراق اور شام میں داعش کی پے درپے شکستوں اور اس کے زیرِ قبضہ علاقوں کا بڑا رقبہ ہاتھ سے نکل جانے کے بعد تنظیم کے اندر غداریوں سے متعلق خبروں اور رپورٹوں کا انبار لگ گیا ہے۔اس سلسلے میں برطانوی اخبار ڈیلی میل نے عراقی انٹیلی جنس کی رپورٹوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ زور دار شکستوں کے بعد داعش کے سربراہ ابو بکر البغداد نے غداری کے شبہ میں اپنے 300 سے زیادہ ارکان کو موت کے گھاٹ اتار دینے کا حکم دیا۔مقامی میڈیا میں زیر گردش رپورٹوں کے مطابق موت کی نیند سلا دیے جانے والے تنظیم کے اہم کمانڈروں میں ابو البراء الانصاری، سیف الدین العراقی، ابو عثام التل عفری، ابو ایمان الموحد اور مروان حدید الصوری شامل ہیں۔ادھر مذکورہ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ دہشت گرد تنظیم کے بعض مسلح افراد البغدادی کے منصوبوں کا علم ہو جانے کے بعد جان کو درپیش خطرے کے سبب نامعلوم مقامات کی جانب فرار ہو گئے۔یاد رہے کہ رواں برس اگست میں ابوبکر البغدادی کی ایک صوتی ریکارڈنگ سامنے آئی تھی جس میں اس نے اپنے پیروکاروں پر زور دیا تھا کہ وہ ہر مقام پر لڑائی میں ثابت قدم رہیں۔ واضح رہے کہ 2014 میں عراق اور شام کے وسیع رقبوں پر خلافت کی ریاست کے اعلان کے بعد داعش کے زیر قبضہ آنے والی مجموعی اراضی میں سے 90 فیصدی علاقہ اس دہشت گرد تنظیم کے ہاتھ سے نکل چکا ہے۔
 


Share: