ممبئی،15؍اکتوبر(ایس او نیوز؍پریس ریلیز)ملک کے موجودہ حالات کے تناظر میں ضروری ہے کہ جمعیۃ علماء ہند کے زیادہ سے زیادہ ممبر بنائے جائیں اور ملک کے موجودہ مسائل کا مردانہ وار مقابلہ کریں۔ممبر سازی کی اس تحریک کے ذریعہ سے ایسی ہلچل پیدا کی جائے کہ ریاست کے شہر اور دیہات کے ہر باشندے تک جمعیۃ علماء کا پیغام پہونچ جائے۔ان خیالات کا اظہارمولانا حلیم اللہ قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء مہاراشٹر(ارشد مدنی) نے ریاستی دفتر سے جاری اپنے اخباری بیان میں کیا۔
مولانا حلیم اللہ قاسمی نے فرمایا کہ جمعیۃ علماء ہند کا نظام الہامی ہے، جس کو اس کے اکابر علماء نے وضع کیا ہے۔ اور اسی کی روشنی میں روز اول سے آج تک یہ قافلہ رواں دواں ہے۔اس جماعت کا قیام اس وقت عمل میں آیا جب ہمارا ملک غلام بن گیا تھا اور یہاں کے باشندے خواہ کسی بھی مذہب سے ہوں ان کو سفید فاموں نے غلام بنا لیا تھا،تو ان کو غلامی سے نکالنے کے لئے یہ جماعت کھڑی ہوئی اور خلق خدا کو ظلم و بربریت سے نجات دلا کر ان کو کھلے فضا میں سانس لینے کا موقع فراہم کیا ،جو آج بھی اس طرح کے انسانی ناروا سلوک ،عدم روا داری اور فرقہ پرستی کا مردانہ وار مقابلہ کر رہی ہے۔
مولانا نے کہا کہ جماعتوں اور تنظیموں کی زندگی اور طاقت در اصل اس کے افراد ہوتے ہیں ،جو جماعتیں اخلاص و للہیت پر وجود میں آتی ہیں اللہ تعالیٰ اس کے ذریعہ سے ملک و ملت کو فائدہ پہونچاتا ہے،اکابر جمعیۃ علماء کی سب سے بڑی پہچان یہی ہے کہ ان میں بے پناہ اخلاص،للہیت اور بے نفسی رہی ہے۔شاید یہی وجہ ہے کہ اللہ نے اس جماعت کو آج تک تمام شرور و فتن سے محفوظ رکھا ہے۔جب تک جماعت اکابر کے خط پر چلتی رہے گی اسی طرح محفوظ رہے گی۔
مولانا نے مزید کہا کہ جماعت کے دستور کی روشنی میں نظام کے استحکام اور پائیداری کے لئے ہر دو سال پر ممبر سازی ہوتی ہے،اور اس کے بعد تمام یونٹوں کا انتخاب عمل میں آتا ہے۔ممبر سازی کے عمل سے جمعیۃ علماء کا پیغام اور اس کی کار کردگی ہرگھر ہر فرد تک پہونچانے کا بہترین موقع ہوتاہے،جس میں جمعیۃ کا پیغام اوراس کی کار کردگی کوگھر گھر پہونچایا جاتا ہے۔ دستور کی رو سے اس کا ممبر ہر بالغ مرد و عورت بن سکتے ہیں ،جو اس کے اغراض و مقاصد سے متفق ہوں۔
مولانا نے ریاست کی تمام ذیلی یونٹوں کے ذمہ داروں سے اپیل کی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو وقت مقررہ کے اندر ہی اندر جماعت کا ممبر بنائیں۔