پٹنہ23اکتوبر ﴿ایس او نیوز﴾بہارمیں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کے اندرلوک سبھا انتخابات 2019 کے لئے سیٹوں کی تقسیم کے فارمولے نے پھرطول پکڑ لیا ہے۔ لوک جن شکتی پارٹی کے لیڈر چراغ پاسوان اور راشٹریہ لوک سمتا پارٹی کے جنرل سکریٹری مادھو آنند نے نیوز 18 سے بات چیت میں واضح کردیا ہے کہ سیٹ شیئرنگ پرکوئی بھی رسمی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔
وہیں نتیش کمارکی پارٹی جنتا دل (یونائیٹیڈ) نے کہا ہے کہ ان دونوں پارٹیوں کے لئے سیٹیں الگ کرنے کے بعد باقی سیٹیں بی جے پی کے ساتھ برابر برابرکی تعداد میں تقسیم کریں گی۔
نتیش کمارکے قریبی اور جے ڈی یو کے جنرل سکریٹری سنجیو جھا نے پارٹی کی پرانی لائن دوہراتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی کو راشٹریہ لوک سمتا پارٹی اورلوک جن شکتی پارٹی کے ساتھ معاہدہ نہیں کرنا ہے، بلکہ بی جے پی یہ کام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان دونوں پارٹیوں کو سیٹیں دینے کے بعد جو سیٹیں بچیں گی، وہ اگر برابر نمبرمیں ہیں تو بی جے پی اورجے ڈی یو کے درمیان برابرکی تعداد میں تقسیم ہوں گی۔ اگر یہ اضافی نمبرمیں ہوں گی، تو اضافی سیٹ بی جے پی کے کھاتے میں جائے گی۔
سنجے جھا نے اشارہ دیا کہ اگر لوک جن شکتی پارٹی کو پانچ اورراشٹریہ لوک سمتا پارٹی کو دو سیٹیں ملتی ہیں تو بچی 33 سیٹیں میں 17 پربی جے پی اور 16 پرجے ڈی یوامیدوار اتارے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ آرایل ایس پی اگراتحاد سے ہٹنے کا فیصلہ کرتی ہے تو اس کے کھاتے کی دو سیٹیں دونوں پارٹیوں کو تقسیم کی جائیں گی۔ سنجے جھا نے کہا کہ دیوالی سے پہلے سیٹ شیئرنگ کا عوامی طورپراعلان کیا جائے گا۔
دوسری طرف ایل جے پی پارلیمانی ٹیم کے لیڈر چراغ پاسوان نے سیٹ شیئرنگ پرکسی آخری فیصلے سے انکار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "تقریباً دو تین ہفتے قبل بی جے پی کے ساتھ غیررسمی بات چیت ہوئی تھی، لیکن اس کے بعد بات آگے نہیں بڑھی۔ اس لئے ہم کیسے کہیں کہ کتنی سیٹوں پربات ہوئی ہے"۔