دبئی،26 /دسمبر(آئی این ایس انڈیا)اطالوی حکام نے انکشاف کیا کہ پولیس نے ایک کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں ایم فیٹامین منشیات قبضے میں لی ہے جس کی مالیت ایک ارب امریکی ڈالر کے برابر ہے۔ تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ اس منشیات کے پیچھے لبنانی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کا ہاتھ ہے۔
اطالوی حکام نے جمعہ کے روز بتایا کہ کسٹم حکام نے تقریبا 15 ٹن ایم فیٹامین قبضے میں لی ہیں۔ اطالوی نیوز ایجنسی 'نووا' کے مطابق تحقیقات کے بعد بتایا گیا ہے کہ لبنانی "حزب اللہ" یہ منشیات اسمگل کرنا چاہتی تھی۔
اس کیس کی تفتیش کرنے والے نیپلس پراسیکیوٹر نے وضاحت کی کہ منشیات کی مالیت ایک ارب ڈالر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ منشیات گولیوں کی شکل میں تین مشکوک کنٹینروں میں موجود تھیں جن میں صنعتی استعمال کی اشیا، کاغذ اور لوہے کے پہیے لادے گئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق اطالوی فنانشل کرائمز یونٹ نے حال ہی میں اس کھیپ کی تفصیلات فراہم کیں۔ بی بی سی کی جانب سے نشر کی جانے والی تحقیقات میں کہا گیا ہے کہ یہ کنٹینر شام سے آئے۔ گذشتہ موسم گرما کے بعد یہ اپنی نوعیت کی سب سے بڑی منشیات اسمگلنگ اور اسے ناکام بنانے کی کوشش ہے۔
اس رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ منشیات کا منبع شام ہے۔ اطالوی حکام کا پہلے خیال تھا کہ اس کے پیچھے داعش ہے لیکن تلاشی اور تفتیشی کارروائیوں سے ظاہر ہوا ہے کہ اس کے پیچھے شامی حکومت اور حزب اللہ کا ہاتھ ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ گذشتہ اطلاعات سے یہ ظاہر ہوا تھا کہ منشیات کی اسمگلنگ ان لبنانی ملیشیاؤں کی آمدنی کا ایک اہم ذریعہ ہےجنہیں ایران کی حمایت حاصل ہے۔ یہ ملیشیائیں خطے میں ایران کا ایک سب سے مضبوط ہتھیار ہیں۔ یہ گروپ منشیات کوآمدنی کےحصول کے لیے استعمال کرتی ہیں تاکہ شام اور دیگر مقامات پر ان کی کارروائیوں کے لیے مالی اعانت فراہم کی جا سکے۔