ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / امرتسر ریل حادثہ: تین دن کا سرکاری سوگ، حادثے کی مجسٹریٹ انکوائری کا حکم

امرتسر ریل حادثہ: تین دن کا سرکاری سوگ، حادثے کی مجسٹریٹ انکوائری کا حکم

Sat, 20 Oct 2018 18:05:13  SO Admin   S.O. News Service

امرتسر 20 اکتوبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) پنجاب کے وزیر اعلی کیپٹن امریندر سنگھ نے ہفتہ کو امرتسر ریل حادثے کی مجسٹریٹ انکوائری کا حکم دیا۔ اس کے ساتھ ہی پنجاب میں تین دن کے سرکاری سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ کیپٹن سنگھ نے یہاں ریل حادثے میں زخمی افراد سے ملاقات کی اور ان کی صحت کی معلومات حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت متاثرین کی ہر ممکن مدد کرے گی۔ مرنے والوں کے اہل خانہ کو پہلے ہی پانچ لاکھ روپے کا معاوضہ دینے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت زخمیوں کو بھی 50 ہزار روپے کی مالی مددفراہم کرے گی۔

کیپٹن سنگھ نے کہا، "واقعہ کی جانچ کے لئے مجسٹریٹ جانچ کا حکم دیا گیا ہے۔ جالندھر کے سرکل کمشنر اس کی جانچ کریں گے۔ معاملے کی تہہ تک جانے میں وقت لگے گا۔ حادثے کی جانچ کے لئے کابینہ وزراء کی ایک تین رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ مرکزی حکومت اور ریلوے انتظامیہ بھی حادثے کی جانچ کر رہی ہے۔ "وزیر صحت برہم موهندرا کی قیادت میں تشکیل شدہ کمیٹی میں محصولات کے وزیر سكھوندر سنگھ سركاريا اور تکنیکی تعلیم کے وزیر چرنجيت سنگھ چنني کو رکن کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔

وہیں، ریاست کے مقامی بلدیاتی وزیر نوجوت سنگھ سدھو نے ہفتہ کو کہا کہ امرتسر میں ہوا ریل حادثہ ایک حادثہ ہے لیکن اس میں کہیں نہ کہیں لاپروائی بھی نظر آ رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے حادثہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ سدھو نے آج صبح سول اور دیگر نجی اسپتالوں میں داخل زخمیوں کا حال جاننے کے بعد کہا کہ حادثہ اتنا اچانک ہوا کہ کسی کو کچھ بھی پتہ نہیں چلا۔  انہوں نے بتایا کہ وہ چار پانچ اسپتالوں میں زخمیوں سے مل کر آئے ہیں جنہوں نے بتایا کہ کچھ لوگ ریلوے ٹریک پر کھڑے تھے اور کچھ پاس ہی کھڑے تھے۔زخمیوں نے بتایا کہ راون دہن کے دوران جل رہے پتلے سے بچنے کے لئے لوگ دو قدم ہی پیچھے ہٹے تھے کہ تیزی سے آ رہی ٹرین نے انہیں کچل دیا۔ ریل کی رفتار اتنی تیز تھی کہ کچھ ہی سیکنڈ میں ہی اتنا بڑا حادثہ ہو گیا۔


Share: