ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / جمعیۃ علماء کشن گنج کے سکریٹری مولانا عبدالباسط کا انتقال ناقابل تلافی نقصان ممبر پارلیامنٹ مولانااسرارالحق قاسمی

جمعیۃ علماء کشن گنج کے سکریٹری مولانا عبدالباسط کا انتقال ناقابل تلافی نقصان ممبر پارلیامنٹ مولانااسرارالحق قاسمی

Wed, 24 Oct 2018 16:59:08  SO Admin   S.O. News Service

کشن گنج25اکتوبر ( آئی این ایس انڈیا؍ایس او نیوز )جواں سال عالم دین مولانا عبدالباسط قاسمی کی وفات پورے علاقے کے لیے ایک عظیم خسارہ ہے اورایسے ملت کے ہمدردو غم خوارنوجوان کی اچانک وفات سے ذاتی طورپر میں صدمے میں ہوں اور ان کے گھر والوں کو دلی تعزیت پیش کرتاہوں۔یہ باتیں معروف عالم دین اور کشن گنج سے ممبر پارلیمنٹ مولانااسرارالحق قاسمی نے جمعیۃ علماء کشن گنج کے سکریٹری ،نیک طینت و متحرک اور ہمیشہ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے سرگرم رہنے والے عالم دین مولانا عبد الباسط قاسمی کے جنازہ کے بعد مقامی صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہیں۔واضح رہے کہ مولانا مرحوم گزشتہ رات نو بجے سلی گوری نیوٹیا ہسپتال میں وفات پا گئے تھے، وہ گزشتہ ۳ دنوں سے وہاں زیرعلاج تھے ۔ نماز جنازہ ان کے آبائی گاؤں بھنکر دواری میں بعدظہراداکی گئی اور مقامی قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔ان کے جنازے مقامی علماو دانشوران اور عام مسلمانوں کے ساتھ دوردراز کے مقامات سے بھی بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ مولانا اسرارالحق نے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ موصوف ابھی جوان تھے اورہرقسم کے رفاہی وسماجی کاموں میں پیش پیش رہتے تھے، مجھ سے ان کے ذاتی روابط تھے اوروہ ہمیشہ نہایت خلوص ومحبت سے ملتے تھے ۔ انھوں نے کہاکہ مولانامرحوم کشن گنج اورآس پاس کے علاقوں میں آنے والے سیلاب اورقدرتی آفات کے موقعوں پرخاص طورسے متاثرین کی راحت رسانی میں غیرمعمولی جدوجہدصرف کرتے تھے ،بلکہ ابھی کچھ دن پہلے کیرل سیلاب متاثرین کے درمیان ریلیف تقسیم کر نے کے لئے جمعیت کی ٹیم کے ساتھ وہ کیرلا بھی گئے تھے اور وہاں انھوں نے متاثرین کی راحت رسانی میں ان تھک محنت کی،اسی طرح ووٹر بیداری مہم اور ووٹر لسٹ میں ناموں کے اندراج کے لئے بھی وہ کشن گنج کے تمام علاقوں میں گھوم گھوم کر لوگوں کو بیدارکررہے تھے۔مولانانے کہاکہ وہ ایک باصلاحیت عالم دین تھے اور انہیں کشن گنج و اطراف کے مسلمانوں کی تعلیمی ضرورتوں کابھی احساس تھا،چنانچہ انہوں نے ملی و رفاہی کاموں میں سرگرم رہنے کے ساتھ مشہور و معروف دینی ادارہ مدرسہ تجوید القرآن میں تدریسی خدمات انجام دی اور گزشتہ دو سال سے وہ کشن گنج میں معیاری تعلیم و تربیت کے ایک ادارہ جامعہ محمود المدارس میں نظامت کے عہدہ پر فائز تھے۔مولانا قاسمی نے کہاکہ ان کی موت کی خبر نے واقعی ہمیں شدید رنج و الم سے دوچار کردیا ہے،ان کی موت سے سرزمین کشن گنج کو شدید نقصان پہنچاہے،جمعیۃ علما ء بہار میں ایک خلاساہوگیاہے،مگرفیصلۂ خداوندی پر راضی رہنا بھی مومن کی صفت ہے،لہذاہم بھی راضی برضاہیں اور دعاء کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے،ان کی خدمات اور قربانیوں کو قبول فرمائے اور انہیں عذاب قبر سے محفوظ رکھے۔ مولانانے مرحوم کے اہل خانہ سے مل کراظہارتعزیت کیااورانہیں صبر و استقامت کی تلقین کرنے کے ساتھ کہاکہ مصیبت کی اس گھڑی میں ہم آپ کے غم میں شریک ہیں اورانھیں دلاسہ دیا۔


Share: