ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ممبئی میں زیرِ تعمیر میٹرو پل کا حصہ گرنے سے ایک ہلاک، تین زخمی؛ تحقیقات کا حکم

ممبئی میں زیرِ تعمیر میٹرو پل کا حصہ گرنے سے ایک ہلاک، تین زخمی؛ تحقیقات کا حکم

Sat, 14 Feb 2026 16:52:07    S O News
ممبئی میں زیرِ تعمیر میٹرو پل کا حصہ گرنے سے ایک ہلاک، تین زخمی؛ تحقیقات کا حکم

ممبئی، 14 فروری (ایس او نیوز): ممبئی کے ملنڈ (ویسٹ) میں پیش آئے ایک افسوسناک حادثے میں ایک شخص کی موت واقع ہوگئی جبکہ تین دیگر افراد زخمی ہوگئے۔ حادثہ سنیچر دوپہر اُس وقت پیش آیا جب زیرِ تعمیر ممبئی میٹرو لائن-4 کا ایک حصہ اچانک ایل بی ایس روڈ پر گزرنے والے آٹو رکشہ اور ایک کار پر آن گرا۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق تقریباً 6 فٹ بائی 4 فٹ کا کنکریٹ کا ٹکڑا دوپہر 12:15 سے 12:20 کے درمیان سڑک پر چلتی گاڑیوں پر گرا۔ ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے فائر بریگیڈ، پولیس، میٹرو عملہ، وارڈ حکام اور 108 ایمبولینس سروس کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ مصروف شاہراہ کے اس حصے کو کچھ وقت کے لیے گھیرے میں لے لیا گیا جس سے ٹریفک متاثر رہی۔

ہلاک ہونے والے کی شناخت رام دھن یادو کے طور پر ہوئی ہے۔ زخمیوں میں راجکمار اندرجیت یادو (45)، مہندر پرتاپ یادو (52) اور دیپا روہیا (40) شامل ہیں۔ انہیں اپاسنا ملٹی اسپیشلٹی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں رام دھن یادو کو مردہ قرار دیا گیا، جبکہ راجکمار آئی سی یو میں زیرِ علاج ہیں اور دیگر دو کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔

ممبئی میٹروپولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس کا پراجیکٹ عملہ موقع پر موجود ہے اور میونسپل کارپوریشن نیز ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسیوں کے ساتھ مل کر راحتی کاموں کی نگرانی کر رہا ہے۔

ریاست مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ دیویندر فڈنویس نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا اور متوفی کے لواحقین کے لیے پانچ لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا۔ انہوں نے زخمیوں کے علاج کے اخراجات حکومت کی جانب سے برداشت کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔

ملنڈ کے ایم ایل اے میہیر کوٹیچا نے واقعے کی جانچ اور ذمہ دار ٹھیکیدار و افسران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا، جبکہ میئر رتو تاوڑے نے کہا کہ متعلقہ حصہ ایک روز قبل ہی نصب کیا گیا تھا اور اس مقام کو مناسب طور پر بیریکیڈ کیا جانا چاہیے تھا، جو ممکنہ لاپرواہی کی طرف اشارہ کرتا ہے۔


Share: