
منڈیا، 28/ اپریل (ایس او نیوز) ضلع منڈیا کے ملنائیکنا کٹے گاوں میں فلڈ لائٹ کبڈی ٹورنامنٹ کے دوران گیلری ٹوٹنے کی وجہ سے ایک شخص کی موت واقع ہوئی اور 13 افراد زخمی ہوگئے جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے ۔
مہلوک شخص کا نام پاپنا اچاری (50 سال) بتایا جاتا ہے ۔ زخمیوں کو علاج کے لئے منڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس (میمس) میں داخل کیا گیا ۔ منڈیا ضلع انچارج وزیر این چیلوورایا سوامی نے بتایا کہ کنڈی ٹورنامنٹ کے لئے منتظمین نے پولیس سے اجازت حاصل کی تھی ، لیکن وہاں جو گیلری بنائی گئی تھی وہ ایک بڑے ہجوم کو سنبھالنے کی حد تک مضبوط نہیں تھی ۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کے مکمل علاج اور دیکھ ریکھ کے لئے میمس کے ذمہ داروں کو ہدایت دی گئی ہے ۔ زخمیوں میں مہلوک شخص کی بیٹی بھی شامل ہے ۔ حکومت کی طرف سے مہلوک شخص کے اہل خانہ کو معاوضہ دلوانے کی کوشش کی جائے گی ۔
