ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / ذات پات مردم شماری پر حکومت کا کوئی جلد بازی میں فیصلہ نہیں ہوگا: ڈی کے شیو کمار

ذات پات مردم شماری پر حکومت کا کوئی جلد بازی میں فیصلہ نہیں ہوگا: ڈی کے شیو کمار

Mon, 21 Apr 2025 18:31:10    S O News

منگلورو،21/ اپریل (ایس او نیوز /ایجنسی)  کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیو کمار نے واضح کیا ہے کہ ریاستی حکومت ذات پات مردم شماری رپورٹ کے سلسلے میں کوئی بھی فیصلہ جلد بازی میں نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تمام طبقات کو ساتھ لے کر ان کی ترقی کو یقینی بنانے کی خواہاں ہے، اور کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دی جائے گی۔

منگلورو میں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے شیو کمار نے کہا کہ کانگریس پارٹی کا نصب العین ہے کہ سماجی طور پر پسماندہ اور مظلوم طبقات کو ترجیحی بنیادوں پر انصاف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ ووکلیگا، لنگایت اور دیگر تمام طبقات میں موجود غریبوں کو ان کا حق دلانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

ذات پات مردم شماری پر اٹھنے والے اعتراضات کے حوالے سے شیو کمار نے وضاحت کی کہ اس سروے میں ریاست کی 90 فیصد آبادی سے معلومات حاصل کی گئی ہیں۔ رپورٹ کا مطالعہ فی الحال شروع ہوا ہے اور اس کے مکمل جائزے کے لیے وقت درکار ہے۔ اس لیے حکومت چاہتی ہے کہ اس معاملے میں کوئی فیصلہ عجلت میں نہ لیا جائے۔

ساحلی کرناٹک میں کانگریس پارٹی کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اگرچہ پارٹی کو اس خطے میں صرف دو نشستوں پر کامیابی ملی، تاہم حکومت نے سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر بی جے پی کے ووٹرز کو بھی ریاست کی پانچ فلاحی گیارنٹی اسکیموں کا مکمل فائدہ پہنچایا ہے۔

انہوں نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ برسوں تک ووٹ لینے کے باوجود بی جے پی نے اس خطے کے عوام کی ترقی کے لیے کوئی قابل ذکر اقدام نہیں کیا۔ اس کے برعکس، کانگریس حکومت نے اس علاقے کے لوگوں کو عملی فائدہ پہنچانے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی ہے۔

ڈی کے شیو کمار نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ہوش مندی سے فیصلہ کریں کہ کون ان کی حقیقی فلاح کے لیے کام کر رہا ہے، اور کون صرف ان کے جذبات کو بھڑکا کر سیاسی فائدہ حاصل کرنا چاہتا ہے۔


Share: