بھٹکل، 20 جولائی (ایس او نیوز): اُترکنڑا ضلع کے نئے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) مسٹر دیپن ایم این (آئی پی ایس) نے چارج سنبھالنے کے بعد آج اتوار کو اپنا پہلا دورۂ بھٹکل کیا۔ اس موقع پر مختلف سماجی و تعلیمی اداروں کے ذمہ داران اور بلدیاتی نمائندوں کی جانب سے ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا گیا۔
بھٹکل ٹاؤن پولیس تھانہ پہنچنے پر ڈی وائی ایس پی مہیش نے ان کا استقبال کیا، جبکہ سرکل پولیس انسپکٹر دیواکر کی قیادت میں پولیس اہلکاروں نے سلامی پیش کی۔
سوسالہ قدیم سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کے صدر عنایت اللہ شاہ بندری، جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے ندوی، رابطہ سوسائٹی کے جنرل سکریٹری عتیق الرحمن مُنیری، انجمن کالج کے سکریٹری محی الدین رکن الدین، ٹاؤن میونسپل کونسل کے انچارج صدر الطاف کھروری، جالی پٹن پنچایت کے نائب صدر ایڈوکیٹ عمران لنکا، بی جے پی کے مقامی قائدین گوند نائک اور کرشنا نائک سمیت کئی دیگر شخصیات نے ایس پی کا استقبال کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر ایس پی دیپن ایم این نے واضح کیا کہ سابق ایس پی ایم نارائن نے ضلع میں جو مہم غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف شروع کی تھی، وہ جاری رہے گی اور اسے مزید مضبوطی کے ساتھ نافذ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جرائم پر قابو پانے، منشیات کی روک تھام، ٹریفک نظم و ضبط کو بہتر بنانے اور پولیس و عوام کے درمیان اعتماد کو مضبوط بنانے کے لیے مربوط اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے بھٹکل کے سینئر پولیس افسران کے ساتھ ایک خصوصی میٹنگ میں امن و امان کی صورت حال کا جائزہ لیا اور شہر میں امن و امان کی بحالی اور لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال کو برقراررکھنے کے لئے ضروری ہدایات دیں۔
