بیلگاوی ، 23مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی )پچھلے مہینے کرناٹک اور مہاراشٹرا کے درمیان بسوں کی آمد و رفت کے تنازعے کے بعد کنڑا تنظیموں نے 22 مارچ کو مراٹھی غنڈہ گردی کے خلاف کرناٹک بند کا اعلان کیا تھا، لیکن اس کا کوئی خاص اثر نظر نہیں آیا۔
تاہم، کرناٹک ویدیکے کے شیو رام گوڑا نے اپنے چند حامیوں کے ساتھ ایک مقامی سنیما گھر پر دھاوا بول دیا اور وہاں ریلیز ہونے والی مراٹھی فلم کی مخالفت میں ہنگامہ کھڑا کر دیا۔ حالات کو دیکھتے ہوئے پولیس فورس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور صورتحال پر قابو پایا۔ صبح 8 سے 10 بجے تک سنیما ہال میں کشیدگی برقرار رہی، اور فلم کے ٹکٹ خریدنے والے شائقین کو ان کی رقم واپس کر دی گئی۔
اس کے بعد شیو رام گوڑا نے اپنے چند حامیوں کے ساتھ سنگولی رائنا سرکل سے رانی چنما سرکل تک پیدل مارچ کیا اور مہاراشٹرا ایکی کرن سمیتی کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے احتجاج کو مزید تیز کرنے کی کوشش کی۔ پولیس نے حالات کو قابو میں رکھنے کے لیے سخت نگرانی برقرار رکھی اور شیو رام گوڑا سمیت ان کے ساتھیوں کو عارضی طور پر گرفتار کرنے کے بعد رہا کر دیا۔ چونکہ ان دنوں اسکولوں کے امتحانات جاری ہیں اور رمضان کی خریداری بھی عروج پر ہے، اس لیے شہر کے مرکزی علاقوں میں بند کا کوئی خاص اثر محسوس نہیں ہوا۔ تاہم، مضافاتی علاقوں سے آنے والے لوگوں نے بند کے اعلان کے پیش نظر شہر کا رخ نہیں کیا، جس کے نتیجے میں دوپہر تک کچھ حد تک بند کا اثر دیکھا گیا، لیکن دوپہر کے بعد معمولات زندگی مکمل طور پر بحال ہو گئے۔