بیلگاوی، 30 اپریل (ایس او نیوز)ریاستی وزیر برائے بہبودی خواتین و اطفال لکشمی ہبالکر نے اعلان کیا ہے کہ گرو لکشمی اسکیم کے تحت جنوری، فروری اور مارچ کی بقیہ رقم ماہ مئی میں مستفیدین کے کھاتوں میں جمع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں محکمہ مالیات سے اجازت حاصل ہو چکی ہے اور مرحلہ وار طریقے سے رقم کی منتقلی عمل میں لائی جائے گی۔
منگل کے روز بیلگاوی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگلے دو ہفتوں میں ہر ہفتے ایک مہینے کی رقم مستفیدین کے بینک کھاتوں میں منتقل کی جائے گی۔
اسی دن ایک احتجاجی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لکشمی ہبالکر نے مرکز میں بی جے پی کی زیر قیادت حکومت پر مہنگائی کے حوالے سے شدید تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عام لوگوں کے لیے ایک بڑا بوجھ بنتا جا رہا ہے، جبکہ ریاستی بی جے پی لیڈر اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے کانگریس حکومت پر جھوٹے الزامات لگا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کرناٹک میں بی جے پی اپنے بل بوتے پر حکومت بنانے کی صلاحیت نہیں رکھتی، اس لیے وہ سدارامیا کی قیادت والی کانگریس حکومت کو بدنام کرنے میں مصروف ہے۔ لکشمی ہبالکر نے دعویٰ کیا کہ ان کی حکومت آئندہ 20 مئی کو اپنے دو سال مکمل کرے گی اور اب تک 80 ہزار کروڑ روپے راست طور پر عوام کے کھاتوں میں منتقل کیے جا چکے ہیں۔
بی جے پی کی جانب سے بار بار جھوٹے بیانات دینے پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام اب سمجھ چکے ہیں کہ سچ کیا ہے اور جھوٹ کیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بی جے پی نے وزیر اعلیٰ کے بیانات کے دوران مداخلت جیسے سطحی اقدامات دوبارہ کیے تو کانگریس کے کارکن خاموش نہیں بیٹھیں گے۔