کاروار/منکی ، 10 ستمبر (ایس او نیوز) کاروار ڈاک ڈویژن اور مدرسہ رحمانیہ و جماعت المسلمین کمیٹی، نوائط کالونی، منکی کے اشتراک سے مدرسہ رحمانیہ منکی (عربی اسکول) میں ڈاک محکمہ کی عوامی رابطہ مہم منعقد کی گئی۔ مہم کا افتتاح کاروار ڈاک ڈویژن کے سپرنٹنڈنٹ ہُوواپا جی نے کیا۔
مہم کے دوران نئے آدھار کے اندراج، بایومیٹرک ترمیم، پتہ اور موبائل نمبر میں تبدیلی سمیت مختلف سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ اس کے علاوہ عوام کو محکمہ ڈاک کی مختلف خدمات اور سہولیات کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے لیے ورکشاپ بھی منعقد کیا جائے گا۔
عوام کو حادثاتی بیمہ اسکیم، پردھان منتری سرکشا بیمہ یوجنا، پردھان منتری جیون جیوتی بیمہ یوجنا اور ڈاک لائف انشورنس کی سہولیات سے استفادہ کرنے کی بھی ترغیب دی گئی۔
ڈائریکٹ بینیفٹ ٹرانسفر کے استفادہ کنندگان کے لیے انڈیا پوسٹ پیمنٹ بینک (IPPB) سمیت مختلف آن لائن اکاؤنٹس موقع پر ہی کھولنے کا خصوصی انتظام بھی کیا گیا ہے۔ عوام سے اس سہولت سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کی اپیل کی گئی۔
ہوناور ڈاک سب ڈویژن کے سربراہ شنکر لمانی نے آدھار کی اہمیت اور اس کے مختلف استعمالات کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں۔
اس موقع پر جماعت المسلمین کمیٹی کے صدر حبیب اللہ کڑپاڑی ، مدرسہ رحمانیہ منکی کے پرنسپلمولانا شکیل احمد سکری ندوی، مذکر احمد کٹنگری، ماشیما محمد عرفان اور ابو محمد ساوڑا سمیت منکی ڈاک خانے کے ڈاک ملازم سرفراز نواز، نگران منجوناتھ ویراپا نائک، وگنیشور نائک اور دیگر موجود تھے۔
