بھٹکل، 8 ستمبر (ایس او نیوز): بھٹکل تعلقہ پنچایت آفس میں منعقدہ سہ ماہی کے ڈی پی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے بھٹکل رکن اسمبلی اور اُترکنڑا ڈسٹرکٹ انچارج منسٹر منکال وئیدیا نے ہائی ٹیک فِش مارکٹ کی صفائی ستھرائی پر خصوصی توجہ دینے پر زور دیا۔ ساتھ ہی انہوں نے میونسپل چیف آفیسر کو ہدایت دی کہ مارکٹ کے اطراف ترکاری، فروٹس، چکن اور مٹن شاپس کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے منصوبہ تیار کریں، بجٹ بنائیں اور اس کا تخمینہ پیش کریں تاکہ خریداروں کو دیگر جگہوں پر جانے کی ضرورت نہ پڑے۔
منکال وئیدیا نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ نئی تعمیر شدہ ہائی ٹیک فِش مارکٹ میں لوگوں کی چہل پہل بڑھ رہی ہے، مچھلی فروشوں اور خریداروں کی بڑی تعداد وہاں پہنچ رہی ہے اورعوام مارکٹ کی تعریف کررہے ہیں۔ لیکن انہوں نے میونسپل حکام کو سختی سے تاکید کی کہ صفائی کے معاملے میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے اور مارکٹ کو معیاری سطح پر برقرار رکھا جائے۔
اگلے چار مہینوں میں خالی عہدے پُر کرنے کا اعلان
ریاستی وزیر برائے بندرگاہ، ماہی گیری و اندرونی آبی نقل و حمل منکال وئیدیا نے کہا کہ حکومت نے مختلف محکموں میں خالی پڑے عہدوں کو آئندہ چار مہینوں میں پُر کرنے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ بھٹکل تعلقہ سمیت ریاست کے دیگر علاقوں میں کئی برسوں سے محکموں میں عہدے خالی پڑے ہیں، جس سے کام کاج بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔
وزیر نے کہا کہ حکومت کو اس مسئلے کا بخوبی علم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بھٹکل میں محکمہ سروے اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو پہلے ہی درکار عملہ فراہم کیا جاچکا ہے، جبکہ باقی محکموں میں بھی خالی آسامیوں کو پُر کرنے کا عمل جاری ہے۔
اسپتال کے ناخوشگوار واقعات پر ردعمل
وزیر موصوف نے بھٹکل سرکاری اسپتال کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ دنوں میں اسپتال کے اندر کچھ ناخوشگوار حالات پیدا ہوئے ہیں، لیکن اس سے ڈاکٹروں اور افسران کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاملے کی اصل وجہ معلوم ہوچکی ہے اور ڈاکٹروں کو چاہئے کہ وہ عوام کی خدمت کو ترجیح دیں۔
انہوں نے ڈاکٹروں کو تاکید کی کہ غریب مریضوں کا علاج پوری توجہ سے کریں، انہیں باہر سے دوائیں لانے پر مجبور نہ کریں اور کسی بھی مسئلہ کی صورت میں براہ راست ان سے رابطہ کریں۔ منکال نے کہا کہ عوام کی خدمت ہی آپ کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی۔
محکمہ ریونیو میں ایجنٹوں کی من مانی پر برہمی
میٹنگ کے دوران منکال وئیدیا نے بھٹکل ریونیو ڈپارٹمنٹ میں ایجنٹوں کی بڑھتی ہوئی من مانی پر سخت ناراضگی ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ ہوٹل لائسنس کی تجدید ہو یا این اے کنورژن کا معاملہ، ہر جگہ عوامی کاموں کو ایجنٹوں کے ذریعے نمٹایا جا رہا ہے، جو بالکل قابلِ قبول نہیں ہے۔ انہوں نے واضح کیا: ’’اگر آپ عوامی کام نہیں کر سکتے تو اپنی کرسی چھوڑ دیں، لیکن عوام کو ایجنٹوں کے رحم و کرم پر چھوڑ کر پریشان نہ کریں۔‘‘

بین الطبقات شادی پر بحث
میٹنگ کے دوران بھٹکل میں بڑھتی ہوئی بین الطبقات شادیوں کے مسئلہ پر بھی گفتگو ہوئی۔ محکمہ سماجی فلاح و بہبود کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر گیتا ہیگڈے نے بتایا کہ بین الطبقات شادی کے لیے امدادی رقم حاصل کرنے بڑی تعداد میں درخواستیں موصول ہوئی ہیں، لیکن فنڈ کی کمی کے باعث اہل درخواست گزاروں کو وقت پر امداد نہیں مل پائی۔ اس پر وزیر منکال نے کہا کہ چھوا چھوت کے خاتمے کے لیے بین الطبقات شادیوں کی حوصلہ افزائی کرنا نہایت ضروری ہے، اور یہ افسران کی ذمہ داری بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ درخواستیں آنے پر حوصلہ نہیں ٹوٹنا چاہئے، حکومت اس کے لیے ضروری فنڈ فراہم کرے گی۔ گیتا ہیگڈے نے مزید کہا کہ حوصلہ افزائی کے نتیجے میں بعض جگہ جھگڑے اور گالی گلوچ کے واقعات بھی سامنے آ رہے ہیں۔ اس بات پر میٹنگ میں کچھ دیر قہقہے بھی لگتے رہے۔
بھٹکل سٹی میونسپل کونسل پر اپوزیشن کے اعتراضات کا جواب
میٹنگ کے دوران اپوزیشن بی جے پی کی جانب سے بھٹکل میونسپالٹی، جالی پنچایت اور ہیبلے گرام پنچایت کو یکجا کرکے سٹی میونسپل کونسل قائم کرنے پر اُٹھائے گئےاعتراض کا جواب دیتے ہوئے منکال وئیدیا نے کہا کہ بھٹکل سٹی میونسپل کونسل کسی کی خوشنودی کے لیے قائم نہیں کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مُنڈلّی، مُٹّلّی اور شیرالی کو شامل کرکے میٹروپولیٹن کارپوریشن بنانے کی ضرورت پڑی تو اس پر بھی غور کیا جائے گا۔
ہیبلے کو سٹی میونسپل کونسل میں شامل کرنے کے اعتراض کا جواب دیتے ہوئے منکال نے کہا کہ ہیبلے میں برسوں سے کچرا اور فضلہ نکاسی کا سنگین مسئلہ درپیش ہے، جس پر انٹرنیشنل سطح پر بحث ہوچکی ہے۔ اس مسئلے کو صرف بھٹکل سٹی میونسپل کونسل کے ذریعے ہی مؤثر طریقے سے حل کیا جاسکتا ہے۔
میٹنگ میں میونسپل اور پنچایتوں کی اجازت سے تعمیر کئے گئے گھروں اور عمارات کو الیکٹریسٹی کنکشن دینے میں ہیسکام افسران کی جانب سے عوام کو تنگ کرنے پر منکال نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا، اسی طرح ہر ماہ ہاسٹل اسکولوں کے بیت الخلا کی صفائی کو یقینی بنانے، بغیر آبی ذرائع تلاش کیے پائپ بچھا کر ادھورا چھوڑنے والے افسران کے خلاف کارروائی کرنے، بھٹکل کے تمام آنگن واڑی مراکز کے لیے اپنی عمارتیں قائم کرکے ریاست کا پہلا تعلقہ مرکز بنانے کی کوشش کرنے کے ساتھ ساتھ جالی پنچایت حدود میں واقع کالجس کے طلبہ کے لیے بس سروس اورہوناور ۔ کمٹہ روٹ پر صبح 8 بجے بس کی سہولت کا آغاز کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔
اس موقع پر تحصیلدار ناگیندرکولاشیٹی، تعلقہ پنچایت کے انچارج ایگزیکٹو آفیسر راجیش مہالے، میونسپالٹی کے انچارج صدرالطاف کھروری اور دیگر افسران موجود تھے۔ تعلقہ پنچایت کے اسٹاف کریئپا نائک نے مہمانوں کا استقبال کیا، جبکہ مینیجر کرشن کانت نائک نے شکریہ ادا کیا۔