ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو : انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر پارکنگ فیس میں اضافے کے خلاف ٹیکسی والوں نے شروع کی غیر معینہ مدت کے لئے ہڑتال

منگلورو : انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر پارکنگ فیس میں اضافے کے خلاف ٹیکسی والوں نے شروع کی غیر معینہ مدت کے لئے ہڑتال

Wed, 18 Nov 2026 13:11:02    S O News
منگلورو :  انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر پارکنگ فیس میں اضافے کے خلاف ٹیکسی والوں نے شروع کی غیر معینہ مدت کے لئے ہڑتال

منگلورو،  18 / نومبر(ایس او نیوز)  منگلورو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ٹیکسیوں اور میکسی کیب سے داخلے اور پارکنگ کی مد میں بھاری فیس وصول کیے جانے کا الزام لگاتے ہوئے  ’دکشن کنڑا‘ اور ’اڈ پی‘ ڈسٹرکٹ ٹیکسی مینز اینڈ میکسی کیب ایسوسی ایشنز نے 17 نومبر سے کینجارو میں ایئرپورٹ کے داخلی راستے کے قریب غیر معینہ مدت کے لیے احتجاج شروع کر دیا ہے ۔ احتجاجیوں نے ان فیسوں میں فوری کمی کا مطالبہ کیا ہے۔

احتجاج کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اڈپی ڈسٹرکٹ ٹیکسی مینز اینڈ میکسی کیب ایسوسی ایشن کے صدر اور سابق رکن اسمبلی رگھوپتی بھٹ نے الزام لگایا کہ ایئرپورٹ کا انتظام ’اڈانی گروپ‘ کے حوالے کیے جانے کے بعد سے صورتحال مزید خراب ہو گئی ہے ۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ کمپنی پر کے ذریعے بھاری فیس وصول کر کے ٹیکسی اور میکسی کیب ڈرائیوروں، گاڑیوں کے مالکان اور عوام پر غیر مناسب مالی بوجھ ڈالا جا رہا ہے ۔

معاشی طور پر کمزور طبقوں سے بھاری فیس وصول کیے جانے پر سوال اٹھاتے ہوئے بھٹ نے کہا کہ اراکینِ پارلیمنٹ اور اراکینِ اسمبلی  کی موجودگی میں کئی دور کی بات چیت کے باوجود یہ مسئلہ حل نہیں ہو سکا ہے ۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا، "فیس کے نام پر غریب لوگوں کا استحصال کرنے کے بجائے اڈانی گروپ کو تو بھیک مانگ لینی چاہیے ۔"

منگلورو اور بنگلورو ایئرپورٹس کا موازنہ کرتے ہوئے بھٹ نے نشاندہی کی کہ بنگلورو ایئرپورٹ پر  گاڑیوں کو 8 منٹ تک مفت داخلے کی اجازت ہے، جس کے بعد 150 روپے فیس وصول کی جاتی ہے ۔ اس کے برعکس منگلورو ایئرپورٹ پر ایک منٹ کے لیے بھی مفت داخلے کی سہولت نہیں ہے اور 180 روپے وصول کیے جاتے ہیں ۔ اس کے علاوہ ایئرپورٹ پر مسافروں کو اتارنے والی گاڑیوں سے بھی 50 روپے وصول کیے جاتے ہیں ۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ٹیکسیوں، میکسی کیب اور نجی گاڑیوں کو کم از کم 10 منٹ تک مفت داخلے کی اجازت دی جائے اور اس کے بعد زیادہ سے زیادہ 100 روپے فیس لی جائے، اور پھر مزید کوئی اضافی چارجز نہ ہوں ۔

دکشن کنڑا ڈسٹرکٹ ٹیکسی مینز اینڈ میکسی کیب ایسوسی ایشن کے صدر آنند کے  نے الزام لگایا کہ ایئرپورٹ انتظامیہ نے داخلہ فیس 100 روپے سے بڑھا کر 180 روپے کر دی ہے۔ اس سے ٹیکسی آپریٹرز پر اضافی مالی بوجھ پڑا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈرائیوروں سے اس وقت بھی فیس وصول کی جاتی ہے جب وہ اپنی گاڑیاں پارک نہیں کرتے بلکہ صرف مسافروں کو لینے کے لیے احاطے میں داخل ہوتے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں کئی بار تحریری درخواستیں دی گئی ہیں اور مقامی اراکینِ اسمبلی و پارلیمنٹ کی موجودگی میں اجلاس بھی منعقد ہوئے ہیں، جس کے دوران یہ یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ ان  فیسوں پر نظر ثانی کی جائے گی ۔ لیکن اس کے بعد کوئی ٹھوس کارروائی نہیں کی گئی ۔ اس کے برعکس ہوائی اڈے پر مسافروں کو اتارنے والی گاڑیوں کے لیے 50 روپے کا ایک نیا چارج عائد کر دیا گیا ۔

انجمنوں نے بڑھائے گئے چارجز کو واپس لینے اور ادائیگی کے لیے نقد اور 'فاسٹ ٹیگ' دونوں سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ آنند  نے کہا کہ جب تک ان کے مطالبات پورے نہیں ہو جاتے، یہ احتجاج غیر معینہ مدت تک جاری رہے گا ۔

دکشن کنڑا ڈسٹرکٹ آن لائن ٹیکسی ڈرائیورز اینڈ اونرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری عبدالعزیز نے کہا کہ ٹیکسی آپریٹرز پہلے ہی پیٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور دیگر آپریشنل اخراجات کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں ۔ ایسے حالات میں ہوائی اڈے پر عائد اضافی چارجز نے ان کے روزگار کو مزید متاثر کیا ہے ۔

گزشتہ برسوں کے دوران فیس کے ڈھانچے میں ہونے والی تبدیلیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے انہوں نے  بتایا کہ جب ہوائی اڈہ سرکاری تحویل میں تھا تب 'پک اپ'  کی فیس 120 روپے تھی ۔ جب اسے اڈانی گروپ کے حوالے کیا گیا تو یہ فیس کم ہو کر 90 روپے ہو گئی ۔ لیکن ایک سال کے اندر ہی اسے بڑھا کر 180 روپے کر دیا گیا ۔ انہوں نے منتخب عوامی نمائندوں اور حکام سے اپیل کی کہ وہ مداخلت کریں اور اس مسئلے کو حل کریں ۔

بجپے ٹاؤن پنچایت کے صدر لوکیش پجاری، سابق رکن اسمبلی  معین باوا، اور دکشن کنڑا اور اڈپی اضلاع کی مختلف ٹیکسی اور میکسی کیب ایسوسی ایشنز کے عہدیداران نے اس احتجاج میں شرکت کی ۔

آپریٹرز کے تحفظات کا اعادہ کرتے ہوئے آنند نے کہا: "جو مسائل منگلورو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے مرکزی حکومت کے زیر انتظام رہنے کے دوران نہیں تھے، وہ اڈانی گروپ کے حوالے کیے جانے کے بعد پیدا ہوئے ۔ اگرچہ کمپنی منتخب نمائندوں کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں میں کرایوں یا فیسوں پر نظر ثانی کی یقین دہانی کراتی ہے، لیکن اس کے باوجود وہ بھاری چارجز وصول کرنا جاری رکھے ہوئے ہے ۔"

رگھوپتی بھٹ نے کہا کہ "حکومت کو ہوائی اڈہ اڈانی گروپ کے حوالے کرتے وقت کچھ شرائط عائد کرنی چاہیے تھیں تاکہ عوامی مفاد کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے ۔ جس طرح حکومتیں ٹیکسیوں، آٹو رکشوں اور بسوں کے کرایوں یا وصولیوں کو ضابطے میں رکھتی ہیں، اسی طرح ہوائی اڈہ چلانے والی کمپنی پر بھی پابندیاں عائد کی جانی چاہیے تھیں ۔"


Share: