منگلورو، 17 / مئی (ایس او نیوز) منگلورو میں ہائی کورٹ کی سرکٹ بینچ کے طویل عرصے سے التواء میں پڑے ہوئے مطالبے کو ریاستی حکومت کی طرف سے ہری جھنڈی مل گئی ہے ۔
ہفتہ کے روز ایم ایل سی ایوان ڈی سوزا نے منگلورو سٹی کارپوریشن کے احاطے میں اپنے دفتر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعلیٰ سدارامیا نے مجوزہ بینچ کے لیے درکار بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تیاری کا اظہار کیا ہے اور ایک خط کے ذریعے چیف جسٹس کو یقین دلایا ہے کہ حکومت تمام ضروری بنیادی ڈھانچہ فراہم کرنے کے لیے تیار ہے ۔
انہوں نے وزیر اعلیٰ کی طرف سے چیف جسٹس کو لکھے گئے خط کی کاپی بھی پیش کرتے ہوئے کہا کہ "حکومت کی جانب سے تیاری کے اظہار کے ساتھ، سرکٹ بینچ کے لیے تقریباً 80% گراؤنڈ ورک پہلے ہی مکمل ہو چکا ہے۔ توقع ہے کہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کا ایک وفد مئی کے آخر تک یا جون کے پہلے ہفتے میں منگلورو کا دورہ کرے گا تاکہ دستیاب انفرا اسٹرکچر کا معائنہ کیا جا سکے ۔"
ایوان ڈی سوزا نے یقین ظاہر کیا کہ سرکٹ بینچ میں اکتوبر تک کام کاج شروع ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ منگلورو میں اسٹیٹ بینک کے قریب پرانے ڈپٹی کمشنر کے دفتر کی 50,000 مربع فٹ عمارت بینچ کے ابتدائی کام کے لیے موزوں ہے ۔ اس علاقے میں جہاں آئی اے ایس افسران کے کوارٹر موجود ہیں، وہاں ججوں کے لیے رہائشی سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھی ایک جگہ کی نشاندہی کی گئی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بینچ کے کام کاج کو بحسن و خوبی انجام دینے کے لیے درکار تمام انتظامی اور دفتری انفرا اسٹرکچر کو یقینی بنایا جائے گا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈپٹی کمشنر کے ساتھ بات چیت کی گئی ہے اور پرانے ڈی سی آفس کی عمارت کی تزئین و آرائش اور ججوں کے لیے رہائشی سہولیات کا کام محکمہ تعمیرات عامہ (پی ڈبلیو ڈی) کے ذریعے کیا جائے گا ۔ اس کے درکار اخراجات کی تفصیلات کے بارے میں وہ اگلے ہفتے پی ڈبلیو ڈی کے وزیر سے ملاقات کریں گے ۔
ایوان ڈیسوزا نے کہا کہ مجوزہ سرکٹ بینچ ساحلی اضلاع دکشن کنڑا، اڈپی اور اترا کنڑا کا احاطہ کرے گا ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلد ہی مستقل بینچ کا قیام بھی عمل آئے گا ۔
چیف جسٹس نے مبینہ طور پر مشاہدہ کیا ہے کہ شہر کے اندر 10 ایکڑ رقبہ مستقل بینچ کے لیے کافی ہوگا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی خطوط پر قائدین بشمول اسپیکر یو ٹی قادر، وزیر قانون ایچ کے پاٹل اور ضلع انچارج وزیر دنیش گنڈو راؤ، موجودہ اور سابق ارکان پارلیمنٹ اور ایم ایل ایز نے اس تجویز حمایت کی ہے۔ اس کے علاوہ قانون کے طلباء نے پوسٹ کارڈ اور ای میل مہم چلائی تھی، جبکہ شہریوں اور وکلاء کی انجمنوں نے بینچ کا مطالبہ کرتے ہوئے مسلسل احتجاج کیا تھا ۔
پریس کانفرنس میں سرکاری وکیل ایم پی نورونہا، منگلورو بار ایسوسی ایشن کے صدر راگھویندر، سکریٹری سریدھر، خزانچی گریش شیٹی اور سوجیت موجود تھے ۔