ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: والدین کے ساتھ سویا ہوا شیر خوار بچہ لاپتہ؛ اغوا کا شبہ، مقدمہ درج

بھٹکل: والدین کے ساتھ سویا ہوا شیر خوار بچہ لاپتہ؛ اغوا کا شبہ، مقدمہ درج

Sun, 31 May 2026 00:50:17    S O News
بھٹکل: والدین کے ساتھ سویا ہوا شیر خوار بچہ لاپتہ؛ اغوا کا شبہ، مقدمہ درج

بھٹکل، 30 مئی (ایس او نیوز): تعلقہ کے مرڈیشور میں ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں والدین کے ساتھ سویا ہوا ایک کمسن بچہ پراسرار طور پر لاپتہ ہوگیا۔ بچے کے اغوا کیے جانے کے شبے کے تحت مرڈیشور پولیس تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق مہاراشٹرا کے سولاپور کی رہائشی شوبھا کماری نے مرڈیشور پولیس میں شکایت درج کرائی ہے۔ شکایت میں بتایا گیا ہے کہ وہ اپنے خاندان کے ساتھ پرانی اور قابلِ استعمال اشیاء جمع کرکے فروخت کرنے کے ذریعے روزی روٹی کماتی ہیں اور اسی سلسلے میں مختلف شہروں اور قصبوں کا سفر کرتی رہتی ہیں۔

شوبھا کماری کے مطابق ان کا خاندان تقریباً دو ہفتے قبل مرڈیشور آیا تھا اور ریلوے اسٹیشن کے قریب سڑک کنارے واقع ایک گودام نما دکان کے سامنے عارضی طور پر مقیم تھا۔

شکایت کے مطابق رات کا کھانا کھانے کے بعد شوبھا کماری، ان کے شوہر اور ان کا شیر خوار بچہ وہیں سو گئے تھے۔ رات تقریباً تین بجے جب ان کی آنکھ کھلی تو بچہ حسبِ معمول ان دونوں کے درمیان سو رہا تھا۔ تاہم صبح تقریباً چھ بجے دوبارہ بیدار ہونے پر انہوں نے دیکھا کہ بچہ وہاں موجود نہیں ہے۔

والدین نے فوری طور پر اطراف کے علاقوں میں بچے کی تلاش شروع کی، لیکن کافی کوششوں کے باوجود اس کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ شوبھا کماری نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ گہری نیند کے دوران کوئی نامعلوم شخص ان کے بچے کو اغوا کرکے لے گیا ہوگا۔

مرڈیشور پولیس نے شکایت کی بنیاد پر مقدمہ درج کرکے لاپتہ بچے کی تلاش اور واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ پولیس مختلف پہلوؤں سے معاملے کی جانچ کر رہی ہے اور بچے کا سراغ لگانے کی کوششیں جاری ہیں۔


Share: