ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / دیوالی کو ’خوشیوں کی عید‘ کہنے پر بی جے پی کے اعتراض کا کانگریس کا جواب، گنگا جمنی تہذیب کا دیا حوالہ

دیوالی کو ’خوشیوں کی عید‘ کہنے پر بی جے پی کے اعتراض کا کانگریس کا جواب، گنگا جمنی تہذیب کا دیا حوالہ

Tue, 10 Nov 2026 14:52:00    S O News

نئی دہلی ، 10 /نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)کانگریس کی جانب سے بی جے پی کے دیوالیہ پن کا سخت جواب دیتے ہوئے کہا گیا کہ ہم دیوالی کو خوشیوں کی عید اور عید کو خوشیوں کی ہولی کہیں گے کیونکہ یہ ہماری روایت رہی ہے۔ پارٹی سربراہ کے بیان پرکانگریس نے دفاعی لہجہ اختیار کرنے کے بعد ایک حملہ آور کی طرح بی جے پی کو آڑے ہاتھوں لیا اور بتایا کہ ہم گنگا جمنی تہذیب کے علمبر دار ہیں۔   خیال رہے کہ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے اپنے ایک بیان میں دیوالی کو ’خوشیوں کی عید‘  کہہ دیا، جس پر بی جے پی کی جانب سے  واویلا مچایا جانے لگا اور اُن پر اقلیتی طبقہ کی خوشنودی کا الزام عائد کیا جانے لگا۔ برسراقتدار طبقہ کو لفظ ’عید‘ پر اتنا اعتراض ہوا کہ انھوں نے باضابطہ پریس کانفرنس کر کے ملکاجن کھرگے کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ اس رویے پر کانگریس نے حیرت کا اظہار کیا ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ گنگا جمنی تہذیب میں سبھی مذاہب کو ساتھ لے کر چلا جاتا ہے، لیکن بی جےپی لیڈران اکثر نفرت انگیز بیانات دیتے ہیں۔

پون کھیڑا نے اس معاملے میں ایک میڈیا ادارہ سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم دیوالی کو ’خوشیوں کی عید‘ کہیں گے، اور عید کو ’خوشیوں کی ہولی‘ کہیں گے۔ ہم گنگا جمنی تہذیب کو مانتے ہیں۔ ہم سبھی مذاہب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے طنزیہ انداز اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم کسی سنکی عاشق کی طرح نہیں کہ ہمیشہ ک... ک... ک... ک... کانگریس کرتے رہیں، یا ملک کے سیکوریٹی فورسیز کو ملک کے نوجوانوں اور اپوزیشن کے خلاف مشتعل کرنے یا اکسانے کا کام کریں۔‘‘

پون کھڑا نے کہا کہ لفظ ’عید‘ کا لفظی معنی ’تہوار‘ ہے اور کھرگے کے بیان کو اسی تناظر میں سمجھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کھرگے کا بیان مکمل طور پر نارمل تھا، لیکن ’سنگھی ذہنیت‘کی وجہ سے کچھ لوگ تہوار بھی نہیں چھوڑ رہے  ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دیوالی اوربھگوان سے محبت کے جذبے میں، لوگوں کو اپنے ذہنوں میں ایک یا دو بلب جلا لینا چاہئے اور اپنی ’بے وقوفی کی عوامی نمائش‘  سے بچنے کی کوشش کرنی چاہئے۔کانگریس لیڈر راشد علوی نے کہا کہ عید اکثر خوشی کے اظہار کیلئے بطور استعارہ استعمال ہوتی ہے کیونکہ عید خوشی کا مترادف ہے۔ کھرگے کے بیان پربی جے پی کے اعتراض کو  انہوں نے کہا کہ بی جے پی یا فرقہ وارانہ ذہنیت رکھنے والوں سے اسی طرح کی  امید کی جا سکتی ہے۔

خیال رہے کہ بی جے پی نے کانگریس پر ہندوؤں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے اور دروغ گوئی کرتے ہوئے خوشامدانہ سیاست کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔بی جے پی ترجمان گورو بھاٹیا نے پیر کو پارٹی ہیڈکوارٹرز میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اتوار کو جب پورا ملک ایک دوسرے کو دیوالی کی مبارکباد دے رہا تھا، اُس وقت کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے دیوالی کو ’خوشیوں کی عید‘ قرار دیا۔ اب سوال یہ ہے کہ کانگریس کو ہندوؤں کے سب سے بڑے تہوار دیوالی کو اس کی اپنی ثقافتی شناخت کے ساتھ قبول کرنے میں پریشانی کیوں ہوتی ہے؟ کھرگے کو دیوالی کہنے میں اتنی دشواری کیوں ہوتی ہے؟ دیوالی کا نام لیتے وقت ان کی زبان کیوں لڑکھڑانے لگتی ہے؟ ان کے بیان اور چہرے کے تاثرات پر غور کیا جائے تو ایسا محسوس ہو رہا تھا جیسے کھرگے کی آنکھوں میں آنسو آنے والے ہوں اور وہ سوچ رہے ہوں کہ دیوالی کے موقع پر اُن سے ایسی توہین آمیز بات کیوں کہلوائی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ چھوٹی دیوالی، دھن تیرس اور گووردھن پوجا جیسے تہوار ہماری ثقافتی وراثت اور روایات کا اٹوٹ حصہ ہیں۔ خاص طور پر ہندو برادری کیلئے ان کی خصوصی اہمیت ہے اور ہمیں ان پر فخر ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ خوشامدانہ سیاست کرنا، سناتن دھرم کے جذبات کا احترام نہ کرنا اور ہندوؤں کے عقیدے کی توہین کرنا کانگریس پارٹی کا کردار بن چکا ہے۔

گورو بھاٹیا نے اتنے ہی کر اکتفا نہیں کیا بلکہ عمر اور مرتبے  کا لحا ظ کئے بغیر یہ تک کہہ دیا کہ ملکارجن کھرگے ریموٹ سے چلتے ہیں۔ ان کی بیٹری سونیا گاندھی ہیں اور ان کے ریموٹ کا بٹن راہل گاندھی کے ہاتھ میں ہے۔ اسی لئے کھرگے کے ہر بیان میں سونیا گاندھی اور راہل گاندھی کی سوچ جھلکتی ہے۔


Share: