ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ضلع اتراکنڑا کے تمام 12 تحصیلدار دفاتر پر لوک آیکتہ کا بیک وقت چھاپہ، ریکارڈ اور حاضری کی جانچ

ضلع اتراکنڑا کے تمام 12 تحصیلدار دفاتر پر لوک آیکتہ کا بیک وقت چھاپہ، ریکارڈ اور حاضری کی جانچ

Tue, 18 Aug 2026 23:21:21    S O News
ضلع اتراکنڑا کے تمام 12 تحصیلدار دفاتر پر لوک آیکتہ کا بیک وقت چھاپہ، ریکارڈ اور حاضری کی جانچ

بھٹکل، 18 اگست (ایس او نیوز): بھٹکل سمیت ضلع اتراکنڑا کے تمام 12 تعلقہ جات کے تحصیلدار دفاتر پر لوک ایوکتہ نے منگل کی صبح بیک وقت چھاپہ مارتے ہوئے عوام کے کاموں کی بروقت انجام دہی میں تاخیر، سرکاری ملازمین کا حاضری درج کرکے دفتر سے غیر حاضر رہنا اور دیگر بے ضابطگیوں سے متعلق شکایات کی جانچ کی۔

اطلاعات کے مطابق، عوام کی جانب سے موصولہ شکایات کے پس منظر میں لوک ایوکتہ نے ازخود مقدمہ درج کرتے ہوئے ضلع کے تمام 12 تعلقہ جات کے تحصیلدار دفاتر پر ایک ساتھ چھاپہ مارنے کی کارروائی انجام دی۔

منگل کی صبح دفتر کھلتے ہی لوک ایوکتہ پولیس کی ٹیموں نے ضلع بھر کے تمام 12 تحصیلدار دفاتر میں بیک وقت کارروائی شروع کردی، جس سے ملازمین میں کھلبلی مچ گئی۔

اتر کنڑا لوک ایوکتہ کے ایس پی دنیش کمار کی قیادت میں اڑوسی اضلاع اڈپی، جنوبی کنڑا، دھارواڑ، بیلگاوی اور ہاویری سمیت مجموعی طور پر چھ اضلاع کے 50 سے زائد افسران و اہلکار اس کارروائی میں شامل ہوئے۔ ٹیموں نے دوپہر تک تحصیلدار دفاتر کے مختلف شعبوں میں موجود فائلوں اور ریکارڈ کی جانچ کی، جبکہ مشتبہ معاملات میں متعلقہ ملازمین سے پوچھ گچھ بھی کی گئی۔

چھاپے کے دوران ملازمین کی حاضری رجسٹر، عوام کی جانب سے دی گئی درخواستوں، ان کے نمٹارے کی تفصیلات اور دیگر سرکاری ریکارڈ کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اتر کنڑا لوک ایوکتہ کے ایس پی دنیش کمار نے بتایا کہ بنگلورو میں واقع لوک ایوکتہ کے مرکزی دفتر میں ایک ازخود (سوموٹو) مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس کی بنیاد پر یہ کارروائی کی گئی۔ تمام تحصیلدار دفاتر میں فرائض کی انجام دہی میں پائی جانے والی خامیوں اور بے ضابطگیوں سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ٹیموں کے سربراہان کی جانب سے پیش کی جانے والی رپورٹس کی بنیاد پر تفصیلات مرتب کرکے بنگلورو کے لوک ایوکتہ کے مرکزی دفتر کو بھیجی جائیں گی۔


Share: