ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اسپورٹس / این بی اے: لیبرون جیمس نے ریکارڈ بنایا، کریئر میں 50,000 پوائنٹس مکمل

این بی اے: لیبرون جیمس نے ریکارڈ بنایا، کریئر میں 50,000 پوائنٹس مکمل

Thu, 06 Mar 2025 10:11:33    S O News
این بی اے: لیبرون جیمس نے ریکارڈ بنایا، کریئر میں 50,000 پوائنٹس مکمل

لاس اینجلس،6/ مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی) 3 بار کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ لیبرون جیمس این بی اے کی تاریخ میں 50 ہزار کریئر پوائنٹس بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ 40 سالہ لاس اینجلس لیکرس اسٹار نے منگل کے روز نیو اورلینز پیلیکنز کے خلاف این بی اے کے باقاعدہ سیزن گیم کے دوران تھری پوائنٹر اسکور کرکے یہ سنگ میل عبور کیا۔ جیمس کو اس تاریخی کارنامے کے لیے صرف ایک پوائنٹ درکار تھا، جسے انہوں نے پہلے کوارٹر میں ۸:۳۴؍ منٹ باقی رہنے پر لوکا ڈونک کی فیڈ پر بائیں جانب سے تھری پوائنٹر مار کر مکمل کیا۔ انہوں نے میچ میں 34 پوائنٹس، 8؍ ریباؤنڈس اور 6 اسسٹس حاصل کیے، جس کی بدولت لیکرس نے پیلیکنز کو ۱۱۵۔۱۳۶؍ سے شکست دی۔

امریکی باسکٹ بال اسٹار کے مجموعی اسکور میں اب ۴۱۸۷۱؍ ریگولر سیزن پوائنٹس اور ۸۱۶۲؍ پوسٹ سیزن پوائنٹس شامل ہو چکے ہیں۔ وہ این بی اے کی تاریخ کے واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے نہ صرف نوعمری میں بلکہ ۴۰؍ سال کی عمر کے بعد بھی اپنی کارکردگی کو اعلیٰ سطح پر برقرار رکھا ہے۔ گزشتہ ماہ، جیمس این بی اے کی تاریخ میں پہلے کھلاڑی بن گئے جنہوں نے ۴۰؍ سال یا اس سے زائد عمر میں ایک ہی سیزن کے دوران ایک سے زیادہ بار ۴۰؍ پوائنٹس اسکور کیے۔

لیجنڈری مائیکل جارڈن دوسرے ۴۰؍ سالہ کھلاڑی ہیں جنہوں نے ایک گیم میں ۴۰؍ سے زیادہ پوائنٹس اسکور کیے ہیں۔ گزشتہ دسمبر میں، لیبرون جیمس نے لاس اینجلس لیکرس کی سیکرامنٹو کنگز کے خلاف فتح کے دوران این بی اے کی تاریخ میں سب سے زیادہ منٹ کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا اور ۶؍ بار کے ایم وی پی کریم عبدالجبار کو پیچھے چھوڑ دیا۔ اس سے قبل، ۷؍ فروری ۲۰۲۳ء کو انہوں نے عبدالجبار کے ریگولر سیزن اسکورنگ ریکارڈ کو توڑا تھا، جبکہ ۲۵؍ مئی ۲۰۱۷ء کو وہ مائیکل جارڈن کا پلے آف اسکورنگ ریکارڈ توڑ کر این بی اے کے تاریخ کے سب سے زیادہ پوائنٹس بنانے والے کھلاڑی بن گئے تھے۔


Share: