ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اسپورٹس / چیمپئن ٹرافی: وراٹ کوہلی کی 84رن کی اننگز، ہندوستان نے آسٹریلیا کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی

چیمپئن ٹرافی: وراٹ کوہلی کی 84رن کی اننگز، ہندوستان نے آسٹریلیا کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی

Wed, 05 Mar 2025 10:57:44    S O News
چیمپئن ٹرافی: وراٹ کوہلی کی 84رن کی اننگز، ہندوستان نے آسٹریلیا کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی

دبئی ، 4/مارچ (ایس او نیوز  /ایجنسی)وراٹ کوہلی کی شاندار نصف سنچری کی بدولت ہندوستانی ٹیم نے منگل کو چیمپئن ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔ کنگارو ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.3 اوور میں 264 رنز بنائے، جس کے جواب میں ہندوستان نے 48.1 اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 267 رنز بنا کر میچ 4 وکٹوں سے جیت لیا۔ وراٹ کوہلی نے 98 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 84 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ روہت شرما نے 28، شبھمن گل نے 8، شریس ایّر نے 45، اکشر پٹیل نے 27 جبکہ ہاردک پانڈیا نے 24 گیندوں پر ایک چوکے اور 3 چھکوں کی مدد سے 28 رنز بنا کر ٹیم کو جیت کی دہلیز تک پہنچایا۔ کے ایل راہل نے ذمہ داری سے بلے بازی کرتے ہوئے ناٹ آؤٹ 36 رنز بنائے، جس میں انہوں نے 33 گیندوں پر 2 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔ آل راؤنڈر رویندر جڈیجا 2 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے قبل، محمد سمیع (3 وکٹ)، ورون چکرورتی اور رویندر جڈیجا (2-2 وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت ہندوستان نے چیمپئن ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو 49.3 اوور میں 264 رنز پر محدود کر دیا۔ منگل کو دبئی میں آسٹریلیا کے کپتان اسٹیو اسمتھ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، لیکن ان کی ٹیم کی شروعات مایوس کن رہی۔ آسٹریلیا نے صرف 4 رنز کے مجموعی اسکور پر کوپر کونولی (0) کی وکٹ گنوا دی، جنہیں محمد سمیع نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد کپتان اسٹیو اسمتھ اور ٹریوس ہیڈ نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی، مگر نویں اوور میں ورون چکرورتی نے ٹریوس ہیڈ کو 39 رنز پر آؤٹ کر کے ہندوستان کو دوسری کامیابی دلائی۔ ہیڈ نے 33 گیندوں پر 5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے جارحانہ اننگز کھیلی۔

مارنس لبوشین (29 رنز) کو رویندر جڈیجا نے ایل بی ڈبلیو کر کے آسٹریلیا کو تیسرا جھٹکا دیا، جبکہ جوش انگلس (11 رنز) بھی جڈیجا کا شکار بنے۔ اسٹیو اسمتھ، جو سنچری کی طرف بڑھ رہے تھے، 37ویں اوور میں محمد سمیع کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ انہوں نے 96 گیندوں پر 4 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 73 رنز کی اننگز کھیلی۔ گلین میکسویل (7 رنز) اکشر پٹیل کی گیند پر بولڈ ہو گئے، جبکہ بین ڈوئرشوس (19 رنز) کو ورون چکرورتی نے آؤٹ کیا۔ ایلیکس کیری، جنہوں نے 57 گیندوں پر 8 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 61 رنز بنائے، شریس ایّر کے براہ راست تھرو کا شکار ہو کر رن آؤٹ ہو گئے۔ نیتھن ایلس (10 رنز) کو محمد سمیع نے 9ویں وکٹ کے طور پر آؤٹ کیا۔ آخر میں، ہاردک پانڈیا نے آخری اوور میں ایڈم زمپا (7 رنز) کو آؤٹ کر کے آسٹریلیا کی اننگز 264 رنز پر سمیٹ دی۔ ہندوستان کی جانب سے محمد سمیع نے 3، جبکہ رویندر جڈیجا، ہاردک پانڈیا اور ورون چکرورتی نے 2-2 وکٹیں حاصل کیں۔


Share: