ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / منی پور میں 300 سے زائد اموات کے باوجود امن قائم نہیں، کھرگے نے مودی اور شاہ سے پوچھے 3 سوالات

منی پور میں 300 سے زائد اموات کے باوجود امن قائم نہیں، کھرگے نے مودی اور شاہ سے پوچھے 3 سوالات

Wed, 21 Oct 2026 17:09:53    S O News

نئی دہلی ، 21/ اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی )’’بی جے پی کی نااہلی کی وجہ سے منی پور ایک بار پھر لہولہان ہو رہا ہے۔ حالیہ تشدد میں 4 بے گناہ شہریوں کا بہیمانہ قتل انتہائی قابل مذمت ہے۔ سوگوار خاندانوں کے ساتھ میری دلی تعزیت ہے۔‘‘ یہ تبصرہ آج کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے منی پور کے تازہ پرتشدد حالات پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر بی جے پی حکومت کے تئیں اپنی شدید ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’مئی 2023 سے اب تک 300 سے زیادہ قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں اور 24,530 افراد انتہائی خراب حالات میں راحتی کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔ خواتین، بچے اور کمزور طبقوں سے تعلق رکھنے والے خاندان اس طویل المیے کا خمیازہ مسلسل بھگت رہے ہیں۔‘‘

کانگریس صدر نے مرکز کی مودی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ صدر راج نافذ کرنے سے لے کر وزیر اعلیٰ کو تبدیل کرنے اور اپنی ہی حکومت دوبارہ قائم کرنے تک، بی جے پی کی سیاسی چال بازیوں سے امن قائم نہیں ہو سکا۔ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’وزیر اعظم مودی، جو تشدد شروع ہونے کے بعد تقریباً 29 ماہ تک منی پور کی سرزمین پر قدم رکھنے تک نہیں آئے، پارلیمنٹ میں دی گئی اپنی نام نہاد یقین دہانی کو پورا کرنے میں بری طرح ناکام رہے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ’’اسٹریٹجک لحاظ سے اس انتہائی اہم سرحدی ریاست میں مسلسل خونریزی اس بات کا ثبوت ہے کہ بی جے پی قانون و انتظام برقرار رکھنے، آئینی حقوق کے تحفظ اور قومی سلامتی کو یقینی بنانے میں ناکام رہی ہے۔‘‘

اس سوشل میڈیا پوسٹ میں کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے منی پور میں مسلسل تشدد کے واقعات اور جانی نقصانات کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیر اعظم مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کے سامنے 3 سوالات رکھے ہیں، جو اس طرح ہیں:

  • جون 2023 میں امت شاہ کی جانب سے تشکیل دی گئی امن کمیٹی کا کیا ہوا؟ امن بحال کرنے، شہریوں کی حفاظت کرنے اور اس حساس سرحدی ریاست میں سلامتی کے مسلسل بڑھتے ہوئے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے کیا ٹھوس اقدامات کیے گئے ہیں؟

  • سپریم کورٹ کی جانب سے مقرر کردہ جسٹس گیتا متل کمیٹی کی سفارشات پر کیا کارروائی کی گئی ہے؟ سپریم کورٹ نے راحتی کیمپوں میں ہونے والی 31 غیر فطری اموات کی نشاندہی کی ہے، اس کے باوجود ہزاروں لوگ اب بھی بے گھر کیوں ہیں؟ خواتین، بچوں اور بے گھر خاندانوں کی سلامتی، عزت و وقار اور بازآبادکاری کو یقینی بنانے کے لیے کیا اقدامات کیے گئے ہیں؟

  • 3 سال سے زیادہ کا عرصہ گزرنے، 300 سے زیادہ اموات، صدر راج کے نفاذ اور وزیر اعلیٰ کی تبدیلی کے باوجود، حکمرانی کی اس بھیانک ناکامی کی ذمہ داری کون لے گا؟ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کے کارروائی کرنے سے پہلے مزید کتنے بے گناہوں کی جانیں ضائع ہوں گی؟

مذکورہ بالا سوالات قائم کرنے کے بعد کھرگے لکھتے ہیں کہ ’’منی پور انصاف، عزت و وقار، آئینی حقوق اور پائیدار امن کا حق دار ہے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ اسٹریٹجک لحاظ سے اہم سرحدی ریاست ہونے کے ناطے منی پور کی سلامتی اور استحکام کو بی جے پی کے سیاسی مفادات کی بھینٹ نہیں چڑھایا جا سکتا۔


Share: