ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / کابینہ اجلاس میں بڑا فیصلہ، کیرالہ کا نام ’کیرلم‘ رکھنے کی منظوری

کابینہ اجلاس میں بڑا فیصلہ، کیرالہ کا نام ’کیرلم‘ رکھنے کی منظوری

Wed, 25 Feb 2026 11:15:06    S O News

نئی دہلی ، 25/ فروری (ایس او نیوز /ایجنسی)نئے پی ایم او ’سیوا تیرتھ‘ میں منگل (24 فروری) کو مودی کابینہ کی پہلی میٹنگ ہوئی۔ اس میں ’سیوا سنکلپ‘ (خدمت کا عہد) کی قرارداد منظور کی گئی۔ کابینہ کی میٹنگ میں کیرالہ کے نام کو ’کیرلم‘ کرنے کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ سری نگر میں انٹیگریٹڈ ایئرپورٹ ٹرمینل کو بھی منظوری ملی۔ مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے بتایا کہ ملیالم زبان میں ’کیرلم‘ کہا جاتا ہے، اس لیے یہ مطالبہ طویل عرصے سے کیا جا رہا تھا۔

اشونی وشنو کے مطابق ریاستی اسمبلی کی منظوری اور مرکزی حکومت کے فیصلے کے بعد پارلیمنٹ میں بھی اس کا عمل جاری رہے گا۔ کابینہ نے کیرالہ (نام کی تبدیلی) بل 2026 کو منظوری دی۔ اب صدر جمہوریہ اسے کیرالہ اسمبلی بھیجیں گی، اس کے بعد یہ دوبارہ پارلیمنٹ میں آئے گا۔ کیرالہ کا نام بدل کر ’کیرلم‘ کرنے کی منظوری کے ساتھ ہی سیاسی ہلچل بھی بڑھ گئی ہے۔ ترواننت پورم سے کانگریس رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے کیرالہ کو ’کیرلم‘ کرنے پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر ریاست کا نام ’کیرلم‘ ہو گیا تو انگریزی میں کیرالہ کے لوگوں کو کیا کہا جائے گا۔

کانگریس لیڈر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’نام بدلنا ٹھیک ہے، لیکن انگریزی بولنے والوں کے لیے ایک چھوٹا سا لسانی سوال ہے: نئے ’کیرلم‘ کے باشندوں کے لیے ’کیرالائٹ‘ اور ’کیرالن‘ جیسے الفاظ کا اب کیا ہوگا؟ ’کیرالمائٹ‘ تو کسی جراثیم کا نام لگتا ہے اور ’کیرالمیئن‘ کسی نایاب معدنی عنصر جیسا محسوس ہوتا ہے…!‘‘ ساتھ ہی انہوں نے وزیر اعلیٰ کے دفتر کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ شاید اس انتخابی جوش کے نتیجے میں نئے ناموں کے لیے کوئی مقابلہ شروع کرنا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ نام بدلنے کی تجویز 2024 میں کیرالہ اسمبلی میں لائی گئی تھی۔ وزیر اعلیٰ پنارائی وجین نے خود اسے پیش کیا تھا اور کہا تھا کہ ’کیرالہ‘ انگریزی میں لکھا جاتا ہے، لیکن ملیالم میں ریاست کو ’کیرلم‘ کہا جاتا ہے۔ اسمبلی نے مرکز سے درخواست کی کہ آرٹیکل 3 کے تحت ترمیم کر کے نام تبدیل کر دیا جائے۔ 2024 میں تجویز منظور ہونے کے بعد وزارت داخلہ نے کچھ تکنیکی تبدیلیوں کا مشورہ دیا، جس کے بعد جون 2025 میں دوبارہ تجویز منظور کی گئی تھی۔ ریاست میں برسراقتدار ایل ڈی ایف (سی پی ایم)، کانگریس اور اپوزیشن بی جے پی سب اس پر متفق ہیں۔ بی جے پی کے ریاستی صدر راجیو چندر شیکھر نے کہا کہ ’’نیا نام بالکل ٹھیک رہے گا کیونکہ ریاست اپنی روایات اور ثقافت کا تحفظ کرنا چاہتی ہے۔‘‘


Share: