ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار میں یومِ آزادی کی پُر رونق تقریب؛ ڈسٹرکٹ انچارج منسٹر مَنکال ویدیا نے دلائی قربانیوں کی یاد

کاروار میں یومِ آزادی کی پُر رونق تقریب؛ ڈسٹرکٹ انچارج منسٹر مَنکال ویدیا نے دلائی قربانیوں کی یاد

Sat, 16 Aug 2025 13:13:09    S O News
کاروار میں یومِ آزادی کی پُر رونق  تقریب؛  ڈسٹرکٹ انچارج منسٹر  مَنکال ویدیا نے دلائی قربانیوں کی یاد

کاروار 16/اگست  (ایس او نیوز) :  ضلع اُترکنڑا کے تمام تعلقہ جات اور دیہاتوں و قصبوں میں 79 واں یومِ آزادی نہایت جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ ضلعی سطح کی مرکزی تقریب کاروار کے پولیس پریڈ میدان میں منعقد ہوئی، جہاں وزیر برائے ماہی گیری، بندرگاہ، اندرونی آبی نقل و حمل اور ضلع انچارج وزیر مَنکال ایس ویدیا نے پرچم کشائی کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "آج ہمیں جو آزادی اور سکون کی زندگی میسر ہے، وہ ملک کے اُن عظیم رہنماؤں اور مجاہدین کی قربانیوں کا نتیجہ ہے جنہوں نے آزادی کی خاطر اپنی جانیں نچھاور کیں۔" انہوں نے خاص طور پر ویرانّی کِتّور رانی چنّمّا، جھانسی کی رانی لکشمی بائی سمیت کئی بہادر شخصیات کا تذکرہ کیا، جنہوں نے برطانوی سامراج کے خلاف لڑتے ہوئے شہادت پائی۔

وزیر نے  کہا کہ مہاتما گاندھی جی کے عدم تشدد اور عدم تعاون جیسے نظریات نے پوری دنیا کو ایک نئی راہ دکھائی ہے۔ اسی جذبے کی بدولت آج ہندوستان جمہوری اور پرامن ملک کے طور پر دنیا میں پہچانا جاتا ہے۔

karwar-independence-day-2

انہوں نے ریاستی حکومت کی جانب سے جاری گارنٹی اسکیموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان اسکیموں نے ریاست کے تمام طبقات تک براہِ راست فائدے پہنچائے ہیں۔ ہر تعلقہ میں تقریباً 400 کروڑ روپے کی مالی مدد دی جا رہی ہے جس سے ترقیاتی منصوبے آگے بڑھ رہے ہیں۔ ضلع میں تعلیم کو سب سے بڑی ترجیح دی جا رہی ہے، مزدوروں کے بچوں کے لیے علیحدہ اسکول قائم کیے جائیں گے تاکہ وہ معیاری تعلیم سے محروم نہ رہیں۔ اسی طرح رہائشی اسکولوں کی تعمیر پر بھی زور دیا جا رہا ہے۔

تقریب میں ایس ایس ایل سی میں اعلیٰ نمبرات حاصل کرنے والے طلبہ کو اعزاز سے نوازا گیا، ضلع کی سیاحتی معلومات پر مشتمل کافی ٹیبل بُک جاری کی گئی، اُترکنڑا کے سیاحتی مقامات کے لیے آفیشل ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا آغاز کیا گیا اور ٹوریزم مِتر کے لیے یونیفارم تقسیم کیے گئے۔

پولیس، این سی سی، اسکاؤٹس اینڈ گائیڈز اور دیگر دستوں نے شاندار پریڈ پیش کی، جبکہ مختلف اسکولوں کے طلبہ نے ملی نغموں اور ثقافتی پروگراموں کے ذریعے وطن سے محبت کا اظہار کیا۔

تقریب میں ایم ایل سی گنپتی اُلویکر، میونسپل کونسل کے صدر روی راج چندرہاس انکولیکر، ڈپٹی کمشنر کے. لکشمی پریا، سی ای او ڈاکٹر دلیش سشی، ایس پی دیپن ایم این، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ساجد مُلا، آئی اے ایس ٹرینی ژُپیشان حق سمیت کئی افسران موجود تھے۔

karwar-independence-day-3

 


Share: