کاروار، 9/ ستمبر (ایس او نیوز) اُترکنڑا ڈپٹی کمشنرلکشمی پریا نے تمام محکموں کے افسران کو ہدایت دی ہے کہ 5 ستمبر کو ضلع بھر میں منعقدہ پرجاسیوا آندولن اجلاسوں کے دوران عوام کی جانب سے پیش کی گئی تمام درخواستوں کو ترجیحی بنیادوں پر مقررہ مدت میں نمٹایا جائے اور درخواست گزاروں کو کارروائی سے متعلق معلومات فراہم کی جائیں۔
انہوں نے بدھ کے روز ڈپٹی کمشنر دفتر کے اجلاس ہال میں پرجاسیوا آندولن اجلاسوں کے دوران موصول ہونے والی درخواستوں کی یکسوئی کے سلسلے میں منعقدہ افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے یہ ہدایات دیں۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ 5 ستمبر کو منعقدہ پرجاسیوا آندولن اجلاس کے اگلے روز بھی عوام نے آئی پی جی آر ایس پورٹل کے ذریعے شکایات اور درخواستیں جمع کرائی ہیں۔ گزشتہ دو دنوں میں ضلع بھر سے مجموعی طور پر 1,642 درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جن میں سے اب تک 489 درخواستوں کو نمٹا دیا گیا ہے۔ انہوں نے باقی درخواستوں کو متعلقہ محکموں کی جانب سے ایک ہفتے کے اندر نمٹانے کی ہدایت دی۔
انہوں نے کہا کہ درخواستوں کی یکسوئی کے دوران عوام کو تفصیلی معلومات فراہم کی جائیں۔ نئی تعمیرات یا منصوبوں سے متعلق درخواستیں موصول ہونے کی صورت میں ان کے لیے تجاویز تیار کرکے مرکزی دفتر یا حکومت کو بھیجی جائیں اور فنڈز کی منظوری کے لیے مسلسل پیروی کی جائے۔ فنڈ دستیاب ہونے کی صورت میں کاموں کے نفاذ کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ درخواستوں کی جانچ اور یکسوئی میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام درخواستوں کو 100 فیصد نمٹانے کی کوشش کی جانی چاہیے۔
انہوں نے ضلع سطح کے تمام افسران کو اپنے آئی پی جی آر ایس لاگ اِن چیک کرنے کی بھی ہدایت دی، کیونکہ پرجاسےوا آندولن اجلاسوں میں موصول ہونے والی درخواستیں متعلقہ محکموں کے لاگ اِن میں منتقل کی جاچکی ہیں۔ کسی تکنیکی مسئلے کی صورت میں ڈپٹی کمشنر دفتر کے متعلقہ مشاورتی عملے سے رابطہ کرکے مسئلہ حل کرنے کو کہا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت کی اس انتہائی اہم اسکیم کے تحت موصول ہونے والی درخواستوں کو تمام افسران سنجیدگی سے لیں اور عوامی مسائل کے مناسب حل کے لیے ہر ممکن کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کے عوامی مسائل کے حل میں اس منصوبے کو مؤثر بنانے کے لیے ضلع اور تعلقہ سطح کے افسران باہمی تال میل کے ساتھ کام کریں۔
اجلاس میں ڈپٹی کنزرویٹر آف فاریسٹ آنتھونی ماریپا، ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کرشنامورتی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ساجد ملا، ضلع پنچایت کے چیف پلاننگ آفیسر سوم شیکھر میستا سمیت ضلع سطح کے تمام افسران موجود تھے۔