دبئی، 28 اکتوبر (ایس او نیوز): کرناٹک کے ڈپٹی اسپیکر اور بھٹکل۔ہوناور کے رکن اسمبلی منکال وئیدیا کی دبئی آمد کے موقع پر کرناٹکا سنگھا دبئی کے ایک وفد نے ان سے ملاقات کی اور انہیں 22 نومبر کو دبئی میں منعقد ہونے والے کرناٹکا راجیہ اُتسوا میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی دعوت دی۔
اس موقع پر سنگھا کے سرگرم رکن ڈاکٹر انس محتشم کی رہائش گاہ پر ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں کرناٹکا سنگھا دبئی کے صدر ششی دھر ناگراجپا نے منکال وئیدیا کو تنظیم کی سرگرمیوں اور مقاصد سے واقف کرایا۔ انہوں نے بتایا کہ سنگھا متحدہ عرب امارات میں کنڑا زبان اور ثقافت کے فروغ کے لیے سرگرم ہے اور اسی مقصد کے تحت دبئی میں کنڑا پاٹھ شالہ قائم کی گئی ہے، جہاں بچوں کو مادری زبان کنڑا سکھانے کے لیے مفت آن لائن کلاسیں منعقد کی جاتی ہیں۔
ششی دھر ناگراجپا نے بتایا کہ کنڑا پاٹھ شالہ کے 13ویں سال کے کلاسوں کا نیا سلسلہ نومبر 2026 سے شروع ہوگا۔ چھ ماہ تک جاری رہنے والے ان کلاسوں کا اختتام اپریل 2027 میں سالانہ امتحانات اور سالانہ تقریب کے ساتھ ہوگا۔ کلاسیں ہر جمعہ اور ہفتہ کو مختلف تعلیمی سطحوں کے مطابق آن لائن زوم کے ذریعے منعقد کی جاتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ یہ کلاسیں بالکل مفت ہیں اور متحدہ عرب امارات کے علاوہ ہندوستان میں مقیم بچے بھی ان سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ اس سلسلے میں کنڑا مترا یو اے ای کے زیر اہتمام چلنے والی پاٹھ شالہ کی جانب سے غیر مقیم کنڑا باشندوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے بچوں کا داخلہ کرائیں تاکہ نئی نسل کو اپنی مادری زبان سیکھنے اور اسے آگے بڑھانے کا موقع مل سکے۔
نئے طلبہ کے داخلے کے لیے آن لائن رجسٹریشن فارم اس لنک پر دستیاب ہے: https://forms.gle/C9UMGv1U4HN8TN8bA۔ پاٹھ شالہ کی مزید تفصیلات اس کی ویب سائٹ https://www.kannadashaale.com پر حاصل کی جاسکتی ہیں۔ منتظمین کے مطابق، کنڑا پاٹھ شالہ دبئی کو ہندوستان کے وزیر اعظم کی جانب سے بھی سراہا جاچکا ہے۔
تقریب کے دوران کرناٹکا سنگھا دبئی کی جانب سے منکال وئیدیا کو 22 نومبر کو منعقد ہونے والے کرناٹکا راجیہ اُتسوا میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی دعوت دی گئی۔
اس موقع پر ڈاکٹر انس محتشم، میراں منیگار، ناظم شاہ بندری پٹیل، معاذ ایس ایم، ڈاکٹر اسماعیل قاضیا، ابو محمد مختصر، امین سیف اللہ، ڈاکٹر داؤد، سدّالنگیش بی ریواپا، سنیل گواسکر، ششی دھر منڈَرگی، ناگراج راؤ اور روپا ششی دھر سمیت دیگر افراد موجود تھے۔