دوحہ، 25 اکتوبر (ایس او نیوز): قطر میں مقیم انڈین نوائط کمیونٹی (INCQ) کی جانب سے سالانہ اسپورٹس و ثقافتی پروگرام ’آئی این سی کیو فیسٹا 3.0‘ کے پہلے مرحلے کے طور پر جمعرات، 22 اکتوبر کو ’آئی این سی کیو میلاپ‘ کا انعقاد عمل میں آیا۔ دوحہ کے مضافات میں واقع ایک ریزورٹ میں منعقدہ اس گیٹ ٹوگیدر پروگرام میں کرکٹ لیگ کا اعلان کیا گیا اور بتایا گیا کہ پہلا میچ 12 نومبر کو کھیلا جائے گا۔
پروگرام کا آغاز حافظ محمد عبد الرب اسماعیل جی (کیپا) کی تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد نور عرفات محتشم نے نعت پیش کی۔ استقبالیہ خطاب میں آئی این سی کیو کے جنرل سکریٹری رزین رکن الدین نے اراکین اور منکی و مرڈیشور سے تعلق رکھنے والے مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔
انہوں نے کمیونٹی کے اراکین پر زور دیا کہ وہ کھیل کود اور تفریحی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ تعلیم، سماجی بہبود اور طبی امداد جیسے تعمیری و فلاحی منصوبوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی کے درمیان اتحاد کو مضبوط بنانے اور اجتماعی ترقی کے لیے اراکین کی فعال شرکت ضروری ہے۔

اس موقع پر قطر میں مقیم بھٹکل، مرڈیشور اور منکی کے نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے اور ان کے درمیان باہمی رابطے و تال میل کو فروغ دینے کے مقصد سے فیسٹا کے انعقاد کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ اراکین کو بتایا گیا کہ فیسٹا کا دوسرا مرحلہ 12 نومبر سے شروع ہوگا، جس میں آئی پی ایل کی طرز پر کرکٹ لیگ کے ساتھ ثقافتی سرگرمیاں بھی منعقد ہوں گی۔ فیسٹا کا اختتامی پروگرام 27 نومبر کو ہوگا، جس میں اراکین کے لیے دن بھر مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔
آئی این سی کیو کے صدر عبد الرب اسماعیل جی (کیپا) نے صدارتی خطاب میں بھٹکل کی مالامال تہذیب و ثقافت کا ذکر کیا اور بیرون ملک قائم جماعتی نظام کے مقاصد اور اس کے فوائد پر روشنی ڈالی۔
پروگرام کی اہم سرگرمیوں میں آئی این سی کیو کرکٹ لیگ (ICL) کے لیے کھلاڑیوں کی نیلامی شامل تھی، جس میں مجموعی طور پر 76 کھلاڑیوں کو پانچ ٹیموں کے لیے نیلام کیا گیا۔ اس موقع پر لیگ کی ٹرافیوں کی بھی رونمائی کی گئی۔

پانچ ٹیموں اور ان کے مالکان میں دی بی ٹیم رولرز کے مالک رزین رکن الدین، ایسٹ ورلڈ 11 کے مالک عمار گوائی، ایچ ای ایس اسٹرائیکرز کے مالک اِیباد شوپا، اے این زیڈ اسٹرائیکرز کے مالک حماد کولا اور ایزن سوپر کنگز کے مالک رئیس شیخ شامل ہیں۔
جمعرات کو منعقدہ اس تقریب میں کمیونٹی کے اراکین اور مہمانوں نے شرکت کی۔جس کے دوران پُرتکلف عشائیے کا اہتمام بھی کیا گیا تھا، جبکہ رسہ کشی اور ’پک دی کون‘ سمیت مختصر کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوئے۔ مقابلوں کے فاتحین میں تحائف تقسیم کیے گئے۔
پروگرام کے کنوینر سید ربیع ایس ایم نے تقریب میں شرکت کرنے والوں اور پروگرام کو کامیاب بنانے میں تعاون کرنے والی آئی این سی کیو ایونٹ مینجمنٹ کمیٹی کے اراکین کا شکریہ ادا کیا۔